
فلپائن میں دنیا کے سب سے بڑے انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح

منیلا، 21 جولائی (یو این بی): فلپائن کے صدر بینگنو ایکوینو نے دنیا کے سب سے بڑے انڈور اسٹیڈیم کہے جا رہے ’فلپائن ایرینا‘ کے افتتاحی تقریب کی صدارت کی۔ تقریباً 17 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کے خرچ سے تیار اس اسٹیڈیم میں 55,000 لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام ہے۔ یہ کنسرٹ اور کھیل مقابلوں کے علاوہ اپنے مالک اگلیسیا ڈی کرسٹو (چرچ آف کرسٹ) سکریٹریٹ کی میٹنگوں میں کام آئے گا۔
ایکوینو نے اگلیسیا اراکین کو دی گئی تقریر میں کہا کہ ’’آپ نے ثابت کر دیا کہ فلپائن بلندیوں تک پہنچ سکتا ہے، اور یہ کہ ہم بھی وہ حصولیابیاں حاصل کر سکتے ہیں جو دنیا میں کوئی اور کر سکتا ہے۔‘‘ ایکوینو نے اس 15 منزلہ ڈھانچہ کو دنیا میں سب سے بڑا گنبدنما ڈھانچہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ لاس اینجلز میں اسٹیپلس سنٹر سے دو گنا ہے جو اہم کھیل اور تفریحی مقام ہے۔ اسٹیڈیم کے تعمیری کام کا آغاز جولائی 2011 میں ہوا تھا۔ اس کا فلور ایریا 99,000 اسکوائر میٹر اور اونچائی 62 میٹر ہے۔