’مڈ ڈے میل‘ میں چھپکلی، 94 بچے بیمار

گمہریا، 22 جولائی (یو این بی): بڑا گمہریا بستی واقع راجکیہ بنیادی مدھیہ ودیالیہ (بیسک اسکول) میں سوموار کو دوپہر کے کھانے میں چھپکلی برآمد ہوئی۔ اس زہریلے کھانا سے 94 بچے بیمار پڑ گئے ہیں جب کہ اسٹیشن روڈ باشندہ ترلوکی سنگھ کا بیٹا وِکی سنگھ اسکول میں ہی بیہوش ہو گیا۔ سبھی طلبا کو مقامی پی ایچ سی میں داخل کرایا گیا ہے۔ شام پانچ بجے انھیں چھٹی دے دی گئی۔ اس سلسلے میں پرنسپل نول کشور نے بتایا کہ اسکول میں سوموار کو 1.20 بجے کھانے کی چھٹی ہوئی۔ تقریباً 126 بچوں کو مڈ ڈے میل کا کھانا دیا گیا تھا۔ بچے کھانا کھا رہے تھے۔ تقریباً پونے دو بجے چوتھی درجہ کی طالہب پریتی کماری کی تھالی میں مردہ چھپکلی نظر آئی۔ اسے دیکھتے ہی ایک ایک کر بچے بیمار ہونے لگے۔ اطلاع ملتے ہی کونسلر دھننجے گپتا اسکول پہنچے۔ انھوں نے بیمار طلبا کو اسپتال پہنچایا۔ ساتھ ہی اس کی اطلاع ضلعی افسران کو دی۔

ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچے ’اسکان‘ (سنٹرل کچن) کے سپروائزر دیویش کمار نے بھی تھالی میں چھپکلی ہونے کی تصدیق کی۔ ساتھ ہی اس کی اطلاع افسران کو دینے کی بات کہہ کر اسکول سے غائب ہو گئے۔ دیر شام افسران نے اسکول کا جائزہ لیا۔ انھوں نے کہا کہ معاملے کی جانچ کے بعد قصوروار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کھانے میں چھپکلی ملنے کے بعد بچوں کے بیمار ہونے کی خبر سن کر ڈی ڈی سی ریمنڈ کیرکیٹا، اے ڈی سی سندیپ دورائی بورو، ایس ڈی او سی بی سنگھ، ڈی ایس ای سبھاش چندر گھوش، سی ایس کلانند مشرا، ضلع جذام افسر ڈاکٹر کرن چوپڑا، ڈی ای او ہری شنکر رام، بی ای او چتر ریکھا دیوی، آدتیہ پور تھانہ انچارج اجے کمار، گمہریا تھانہ انچارج آر این چودھری، بی ڈی او لکشمی نارائن کشور، سی او جتندر منڈا، کانگریس ضلع صدر دیبو چٹرجی، سریش دھاری اور اویناش سورین سمیت متعدد افسران پہنچے۔ اس موقع پر ضلع پنچایت صدر شکنتلا ماہلی بھی مود تھیں۔ انھوں نے کہا کہ اسکان کے ذریعہ کی جا رہی لاپروائی کا خمیازہ اسکولی بچوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ایسے حادثات پہلے بھی ہوئے ہیں۔ قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ دیگر اسکولوں کے بچے اس کا شکار نہ ہوں۔
اس سلسلے میں ’اسکان‘ نے غلطی کا الزام اسکول انتظامیہ پر عائد کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ 12.30 بجے اسکان کی جانب سے کھانے کو اسکول انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس وقت کھانا ٹھیک تھا۔ اسکول انتظامیہ کی جانب سے تحریری شکل میں یہ اعتراف بھی کیا گیا تھا۔ لیکن اچانک 1.30 بجے فون کیا گیا کہ کھانے میں چھپکلی ہے۔ جا کر دیکھا تو پایا کہ کھانے کے اوپر چھپکلی پڑی ہوئی ہے۔ چھپکلی کھانا بانٹنے کے دوران ہی گری تھی۔ کھانے کو کھلا رکھا گیا تھا۔ مڈ ڈے میل انچارج یشونت سنگھ نے اس سلسلے میں کہا کہ اسکول انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ انھوں نے اسکان کو بھی وجہ بتائو نوٹس دیے جانے کی بات کہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *