ٹماٹر کی قیمت آسمان پر، عوام 120 روپے کلو خریدنے پر مجبور

نئی دہلی، 24 جولائی (یو این بی): شمالی ہندوستان میں ہو رہی بارش سے دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں ٹماٹر کی درآمد متاثر ہوئی ہے۔ اس وجہ سے ٹماٹر کی قیمت آسمان چھونے لگی ہے۔ لکھنؤ میں تو عوام ٹماٹر 120 روپے کلو خریدنے کے لیے مجبور ہو رہے ہیں۔ اس قدر بڑھی ہوئی قیمت کے پیش نظر اکثر گھروں میں ٹماٹر نہ خریدنے کا ہی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ لوگ سبزیاں اور سلاد بغیر ٹماٹر کے ہی بنا رہے ہیں حالانکہ اس سے ذائقہ میں کمی ضرور ہو جاتی ہے۔ غریب گھروں کے لوگ تو ٹماٹر کی طرف نظر اٹھا کر بھی نہیں دیکھ رہے ہیں۔ دوسری جانب دہلی میں خوردہ بازار میں ٹماٹر کی قیمت 70 سے 80 روپے کلو ہے۔ بھوپال میں بھی ٹماٹر 85 روپے سے کم قیمت پر دستیاب نہیں ہے۔ اسی طرح کانپور میں بھی ٹماٹر کی قیمت 80 روپے کلو پہنچ گئی ہے۔

مہنگائی کی مار صرف ٹماٹر پر ہی نہیں ہے بلکہ پیاز کی قیمتوں میں بھی لگاتار اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ دہلی میں خوردہ بازار میں پیاز کی قیمت 40 روپے کلو ہے۔ راجدھانی دہلی میں مدر ڈیری اور سفل آئوٹ لیٹ میں ٹماٹر 55 روپے اور پیاز 29 روپے کلو دستیاب ہے جب کہ لوکل وینڈرس ٹماٹر 70 سے 80 روپے اور پیاز 40 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ دہلی کے آزاد پور منڈی میں تھوک میں ٹماٹر 55 روپے کلو جب کہ پیاز 20 سے 25 روپے کلو مل رہا ہے۔ دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں ٹماٹر ہماچل پردیش سے آتا ہے لیکن ان دنوں وہاں سے اس کی آمد کم ہو گئی ہے۔ ناسک اور بنگلورو سے بھی ٹماٹر کم ہی درآمد ہو رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ خشک سالی کی امکانات کی وجہ سے ٹماٹر کی آمد گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد کم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹماٹر کی قیمت آسمان چھو رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *