
مسجد حرام کے باہرعصری سہولت سے آراستہ سرنگ کا افتتاح
منصوبہ مسجد حرام کے گرد زائرین کا رش کم کرنے میں معاون ہو گا

سعودی حکومت کی طرف سے حجاج و معتمرین کرام کو مناسک کی ادائی میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہمی کی لائق تحسین کوشش میں حرم کے گرد و پیش زیر زمین سرنگ کا منصوبہ بھی پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔
العربیہ نیوز چینل کے مطابق اس منصوبے پر ایک سال قبل کام شروع ہوا تھا جس میں حجاج و متعمرین کو پیدل اور سواری دونوں سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ مسجد حرام کے انتظام وانصرام سے متعلق ادارے کی نمائندہ شخصیت کے مطابق حجاج اور معتمرین کے لیے عصری سہولیات سے آراستہ سرنگ کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
مسجد حرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سلطان القرشی نے ‘العربیہ’ کو بتایا کہ 16 میٹر چوڑی اور 1000 میٹر لمبی سرنگ مکمل ہو گئی ہے۔ سرنگ میں 9.40 میٹر حصہ پیدل کراس کرنے والے زائرین کے لیے مختص ہے جبکہ 6.60 میٹر کاروں کی آمد ورفت کے لیے راستہ چھوڑا گیا ہے۔
سرنگ میں تمام جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں وضو خانے، آگ بجھانے کے ہنگامی انتطامات، ہوا کے اخراج اور روشنی کا بھرپور انتظام شامل ہیں۔
خیال رہے کہ زیر زمین راستے کا مقصد حرم کے گرد و پیش میں سطح زمین پر زائرین کے رش کو کم کرنا ہے۔ توقع ہے کہ اس منصوبے کے افتتاح کے بعد خانہ کعبہ اور مسجد حرام کی طرف آنے والے راستوں پر زائرین کے ھجوم میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔