این ڈی اے حکومت کے 60 دن مکمل ہونے پر نریندر مودی نے نئی ویب سائٹ لانچ کی

نئی دہلی، 26 جولائی (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کو قوت عطا کرنے اور ’بہتر حکمرانی‘ کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے mygov.nic.in ویب سائٹ کی شروعات کی ہے۔ سنیچر کے روز مرکز کی مودی حکومت کے 60 دن مکمل ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے ملک کے عوام کو MyGov کی شکل میں ایک زبردست ہتھیار دیا ہے۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی شراکت داری کے بغیر جمہوریت کامیاب نہیں ہو سکتا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کے دوران عام لوگوں اور حکومت کے درمیان کافی دوریاں تھیں، جس کے سبب عوام حکومت کے منصوبوں سے دور ہی رہتی تھی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 60 دنوں میں نئی حکومت نے محسوس کیا ہے کہ ملک میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ملک کو بنانے اور آگے لے جانے میں اپنا وقت اور توانائی خرچ کرنا چاہتے ہیں۔ انھیں تو اپنے ہنر کو چمکانے اور مظاہرہ کرنے کا صرف ایک موقع چاہیے۔ مودی نے کہا MyGov ایک ٹیکنالوجی پر مبنی ذریعہ ہے جو عام لوگوں کو اچھی حکومت کے لیے اپنا تعاون دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ عام لوگ ان کی حکومت کی اس پیش قدمی کا استقبال کریں گے۔ انھوں نے اس پلیٹ فارم کو مزید زیادہ مضبوط اور کارگر کرنے کے لیے مشورے بھی طلب کیے۔ مودی نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعہ لوگ ملک کو آگے بڑھانے اور غریب سے غریب شخص کے ارمانوں کو پورا کرنے کے لیے ہاتھ ملائیں گے۔ وزیر اعظم نے اس پیش قدمی کے کامیاب ہونے کا یقین دلایا اور کہا کہ انھیں 125 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت اور صلاحیتوں کا اندازہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ مں لوگوں کے خیالات اور مشوروں کا انتظار کر رہا ہوں۔
یہ پلیٹ فارم عام لوگوں کو بات چیت کرنے کے علاوہ مسائل کا حل بھی بتائے گا۔ MyGov پر کئی ’تھیم بیسڈ‘ مذاکرے ہیں جن پر لوگ اپنے خیالات اور مشورے دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عام لوگوں کے ذریعہ پیش کردہ موضوعات پر بھی اس فورم میں بحث ہو سکتی ہے۔ MyGov پر کلین گنگا، گرل چائلڈ ایجوکیشن، کلین انڈیا، اسکلڈ انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، جاب کریشن جیسے کئی گروپ بنے ہیں۔ ہر گروپ میں آن لائن اور آن گرائونڈ کام دیے گئے ہیں جن میں کوئی بھی شخص حصہ لے سکتا ہے۔ ویب سائٹ لانچ کے موقع پر مرکزی وزیر برائے مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی روی شنکر پرساد کے علاوہ مرکزی حکومت کے کئی سینئر افسران بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *