نریندر مودی اور کوئیرالہ تین معاہدوں پر دستخط کے گواہ بنے

Modi in Nepal Congrss

کاٹھمنڈو، 4 اگست (یو این بی): ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیپال کے وزیر اعظم سوشیل کوئیرالہ سے ملاقات کی اور اس دوران دونوں کے درمیان تین معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اس میں نیپال میں آیوڈین کی کمی کو دور کرنے کے لیے اسے آیوڈین نمک کی فراہمی کے لیے 6.90 کروڑ نیپالی روپے کا عطیہ دینے کا معاہدہ بھی شامل ہے۔ مودی اتوار کی صبح ہی یہاں نیپال کے پہلے سرکاری دورہ پر پہنچے اور انھوں نے سنگھ دربار سکریٹریٹ میں کوئیرالہ سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں کے درمیان مختلف مدعوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ انھوں نے نیپال میں جاری خیر سگالی عمل، آئین تیار کرنے کے عمل اور معاشی مدعوں پر بھی بات چیت کی۔ دونوں لیڈروں نے آپسی تعلقات سے منسلک مختلف موضوعات اور آپسی مفاد کے مدعوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت کے بعد مودی اور کوئیرالہ تین معاہدوں پر دستخط کے گواہ بنے۔

ذرائع کے مطابق ہندوستان پہلے معاہدہ کے تحت نیپال کو 6.90 کروڑ نیپالی روپے کا عطیہ فراہم کرے گا۔ اس کے تحت نیپال میں گھیگھا اور آیوڈین کی کمی سے ہونے والے دوسرے امراض سے نمٹنے کے لیے آیوڈائزڈ نمک کی فراہمی کی جائے گی۔ دوسرا معاہدہ پنچیشور کثیر جہتی منصوبہ کی دفعہ 17 اور 18 میں ترمیم کے بارے میں کیا گیا ہے۔ ایک انگریزی روزنامہ کے مطابق تیسرا معاہدہ دونوں ممالک کے سرکاری ٹیلی ویژن ایجنسیوں ’نیپال ٹیلی ویژن‘ اور ’دوردرشن‘ کے درمیان تعاون کے تعلق سے ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *