
حیدر آباد میں امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نئے چیپٹر کا آغاز

حیدر آباد:’’ امامیہ چیمبر آف کامرس مختصر مدت میں ہی اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیاب ہوا ہے جبکہ محض چند مہینوں میں ہی ہم نے کمیونیٹی نوجوانون کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے۔تلنگانہ و حیدر آباد چیپٹر کا آغاز اسی سلسلے کی کوشش ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ہماری پہنچ ہو اور وہاں کے کمیونیٹی نوجوان ہم سے بآسانی رابطہ کر سکیں‘‘۔ان خیالات کا اظہار ایکزیکان گروپ کے منیجنگ ڈائرکٹر اور امامیہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سکریٹری قائم سید نے کرسٹل بنجارہ ہوٹل میں چیمبر کے افتتاحی پروگرام میں کیا۔انہوں نے تفصیل سے امامیہ چیمبر آف کامرس کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ’’مہاراشٹر ،اتر پردیش ،کرناٹک ،دہلی کے بعد اب ہم تلنگانہ اور آندھراپردیش چیپٹر کا آغاز کر رہے ہیں اور الحمد للہ ہمیں ہر جگہ کامیابی مل رہی ہے۔‘‘چیمبر کے صدر سیدعون صفوی نے مارچ 2015تک 25000ممبران بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’حالات میں تبدیلی واقع ہوتی جارہی ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ کسی کو لعن طعن کئے بغیر ہم اپنا کام جاری رکھیں‘‘۔انہوں نے موجودہ حالات کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری کمیونیٹی تجارت میں آگے ہے لیکن تعلیمی طور پر ہمارے نوجوان پیچھے ہیں۔ان کی رہنمائی کرنے والا کوئی ایسا ادارہ نہیں جو ہمارے جوانوں کی صلاحیتوں کا اندازہ لگائے اور انہیں صحیح راستے پر گامزن کرے۔‘‘چیمبر کے رکن سید مجاہد حسین حسینی نے ’’ید اللہ علی الجماعہ‘‘’’جماعت کے اوپر اللہ کا ہاتھ ہوتا ہے‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی کام اجتماعی نوعیت کا ہو اور تمام لوگ اجتماعیت کا ساتھ دیں تو یقینا اس میں تمام لوگوں کو بھلائی نصیب ہوتی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو قائم ہوئے محض چند ماہ کا عرصہ گذرا ہے لیکن قلیل مدت میں ہی بڑی تعداد میں لوگ اس سے وابستہ ہوئے ہیں ،ممبئی میں نئے کاروباری افراد کو جہاں آفس کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وہیں ان کی رہنمائی کا بھی خاصا انتظام کیا گیا ہے۔