
ایس بی آئی کی تکنیکی خامی 2 ہزارماہانہ کمانے والی بن گئی دنیا کی امیر ترین خاتون

لکھنئو۔ (معیشت نیوز)تکنیکی خرابی کی وجہ سے کیا کچھ ہو سکتا ہے اس کا ایک منظر اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے دکھا دیا ہے ۔یہ خبر چونکنے سے زیادہ ہوشیار رہنے پر مجبور کرتی ہے کیونکہ جو آپ نے پڑھا وہ سو فیصد سچ ہے۔ کانپور کی ارملا یادو جس کی ماہانہ آمدنی محض 2 ہزار روپے ہے، اس نے جمعہ کو دنیا کے نامی گرامی امیروں کو بھی اپنے پیچھے چھوڑ دیا۔
ارملا یادوکے اکاؤنٹ میں محض 2 ہزار روپے تھے،لیکن وہ راتوں رات دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون بن گئی۔ کہا جاتا ہے کہ دنیا کے سب سے امیر انسان بل گیٹس ہیں، لیکن ارملا کے اکاؤنٹ میں اس سے کہیں زیادہ رقم جمع ہے اور یہ سب اسٹیٹ بینک آف انڈیاکے مر ہون منت ہے۔
دراصل ایس بی آئی کے سرور میں آٗئی تکنیکی خامیوں کی وجہ سے ارملا کے اکاؤنٹ میں اتنا روپیہ جمع ہو گیا کہ وہ بل گیٹس کی پوری رقم کا دوگنا تھا۔
ہوا یوں کہ بینک کے سرور کی غلطی سے ارملا کے اکاؤنٹ میں 9 لاکھ 57 ہزار کروڑ روپے منتقل ہو گئے۔ اگرچہ ارملا کو اس کی کوئی خبر نہیں تھی۔ لكھنئو میں واقع يوپی ایس آئی ڈی سی میں انڈین اسٹیٹ بینک کا منی برانچ ہے۔ اس منی برانچ میں مدارپور ونايك پور کی رہنے والی ارملا یادو کا اکاؤنٹ ہے۔ چونکہ اکاؤنٹ میں نو یور کسٹمر (كےوائی سي) کی رسمی کارروائی ادھوری تھی اس لئے بینک منیجر نے اکاؤنٹ سے زیادہ سے زیادہ نکاسی کی حد متعین کر دی تھی۔ اصل میں یہ ایک رسمی کارروائی تھی جس کی حد 9.99 لاکھ روپے تھی۔
ایس بی آئی کے سرور میں اچانک آئی تکنیکی خرابی سے ارملا کے اکاؤنٹ میں 9 لاکھ 57 ہزار کروڑ روپے جمع ہو گئے، اس کی جانکاری انہیں جمعہ کو اس وقت ہوئی جب وہ اپنا پاس بک اپڈیٹ کروانے بینک گئیں۔
پاس بک اپڈیٹ ہونے کے بعد ارملا نے کلرک سے پوچھا کہ اکاؤنٹ میں کتنے روپے ہیں، اس پر کلرک نے پاس بک پر نظر ڈالی تو اس کے ہوش اڑ گئے۔ وہ منیجر کے پاس گیا۔ منیجر نے اکاؤنٹ پھر چیک کیا تو دیکھا کہ ارملا کے اکاؤنٹ میں 9 لاکھ 57 ہزار کروڑ روپے جمع ہو گئے ہیں۔ منیجر نے اس کی فوری اطلاع سینئر افسران کو فون پر دی۔ بعد میں وہ رقم واپس ہو گئی، لیکن کچھ ہی لمحوں کے لئے ہی سہی ارملا دنیا کی سب سے امیر خاتون تو بن ہی گئی تھیں۔