
رابرٹ ڈاؤنی امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر
نیو یارک: ہالی وڈ اداکار رابرٹ ڈاؤنی، امریکی جریدے فوربز کی امیرترین اداکاروں کی فہرست میں مسلسل تیسرے برس بھی پہلے نمبر پر آئے ہیں۔ یہ فہرست رواں برس کے دوران سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کے اعتبار سے مرتب کی گئی ہے۔ فہرست میں بالی ووڈ کے امیتابھ بچن اور سلمان خان بھی ٹاپ ٹین اداکاروں میں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فوربز نے گزشتہ برس سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں آئرن مین سے شہرت پانے والے رابرٹ ڈاؤنی کامیاب ترین اداکار رہے، جنہوں نے کل آٹھ کروڑ ڈالر کمائے۔ اس کمائی میں ان کی فلم اوینجرز کا کردار اہم رہا۔ ایکشن فلموں کے ہیرو اداکار جیکی چین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ گذشتہ سال ان کی کمائی پانچ کروڑ رہی۔ وین ڈیزل چار کروڑ 70 لاکھ کے ساتھ تیسرے، بریڈلے کوپر چار کروڑ 15 لاکھ کے ساتھ چوتھے، ایڈم سینڈلر چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں جبکہ ٹام کروز چار کروڑ ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔ فوربز کی تازہ فہرست میں بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن اور سلمان خان ساتویں اور آٹھویں نمبر پر ہیں۔ ان دونوں کی کمائی تین کروڑ 35 لاکھ پر برابر رہی۔ اکشے کمار نویں نمبر پر ہیں جن کی گذشتہ سال کی کمائی کا تخمینہ تین کروڑ 25 لاکھ لگایا گیا ہے۔ شاہ رخ خان 18 ویں اور رنبیر کپور 30 ویں نمبر پر ہیں اور ان کی کمائی بالترتیب دو کروڑ 60 لاکھ اور ڈیڑھ کروڑ رہی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ جب اس فہرست میں ہالی وڈ کے باہر کے اداکاروں کو شامل کیا گیا ہے اور پہلی بار میں ہی بالی وڈ کے تین سٹارز نے اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔