جعلی بکنگ، پاکستانی ایئر لائنزکو چھ کروڑ روپے کا نقصان

PIA

اسلام آباد: ٹریول ایجنٹس کی جانب سے ٹکٹوں کی جعلی بکنگ کے ذریعے پاکستانی ایئر لائن ( پی آئی اے) کو ایک سال میں 6 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پی آئی اے حکام اس سلسلے میں تسلی بخش جواب ڈیپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی کو نہ دے سکے۔ پاکستانی آن لائن پورٹل کو موصول ہونے والے دستاویزات کے مطابق 2012 میں کراچی سے جدہ اور سیالکوٹ سے جدہ جانے والے پی آئی اے کی پروازوں کے علاوہ اندرون ملک پروازوں کے دوران ٹریول ایجنٹوں کی جانب سے جعلی بکنگ کے ذریعے کم ریٹس پر ٹکٹیں خریدی گئیں مگر بعدازاں یہی ٹکٹیں دیگر مسافروں کو زیادہ قیمت پر فراہم کی گئیں اور بکنگ کی وجہ سے پی آئی اے کی اکثر فلائٹس میں مسافروں کی تعداد کم رہی۔ رپورٹس کے مطابق 4 ستمبر کو کراچی سے لاہور جانے والے پی آئی اے کی فلائٹ نمبر پی کے 302 کے لئے 393 مسافروں کی بکنگ کی گئی تاہم فلائٹ میں صرف 119 مسافروں نے سفر کیا اور جعلی بکنگ کے ذریعے بک کی جانے والی 274 سیٹیں خالی رہیں اسی طرح کراچی سے جدہ جانے والی فلائٹ نمبر پی کے 731 جو اسی تاریخ یعنی 4 ستمبر 2013 کو روانہ ہوئی ہیں۔ 340 مسافروں کے لئے بکنگ کی گئی مگر صرف 216 مسافروں نے جہاز میں سفر کیا اور 124 سیٹیں خالی رہیں جو ٹریول ایجنٹوں نے بک کرائی تھی جس کی وجہ سے پی آئی اے کو 6 کروڑ 44 لاکھ 68 ہزار روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *