خام تیل: قیمتوں میں کمی سے سعودی عرب کو خسارہ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

دبئی : خام تیل کےبین الاقوامی بازار میں گرتی قیمتوں نے بہر  حال اب سعودی عرب  جیسے امیر ترین ملک کو بھی معاشی طور سے متاثر کرنا شروع کردیا ہے یہی سبب ہے کہ اس نے اس بات کا اشارہ دیا  ہے کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے خسارہ کم کرنے کے لیے وہ اپنے اخراجات کو کم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

سعودی عرب کے وزیرِ خزانہ ابراہیم ال آصف نے اتوار کو دوبئی میں ذرائع ابلاغ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ خسارے میں کمی کے لیے صحت اور تعلیم کے شعبے کے بجٹ میں کٹوتیاں نہیں کی جائیں گی۔

سعودی وزیر خزانہ نے اخراجات میں کمی کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن اُن کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے جو کئی سال قبل منظور ہوئے تھے لیکن اُن پر کام شروع نہیں ہو سکا، انھیں بھی کچھ عرصے کے لیے موخر کر دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اخراجات اور آمدن میں خسارے کے فرق کو کم کرنے کے لیے بانڈ جاری کرے گی۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمیوں میں کمی کی وجہ سے سعودی عرب کی آمدن کم ہوئی ہے اور اخراجات پورے کرنے کے لیے وہ اپنے زرمبادلہ کے ذخائر سے رقم خرچ کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل قیمت کم ہو کر 50 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اُس کا خسارہ 39 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مطابق سعودی عرب کا خسارہ اس سے کہیں زیادہ ہے۔

آئی ایم ایف کے مطابق سعودی عرب کا خسارہ اُس کی خام ملکی پیداوار کے 20 فیصد ہے جبکہ سعودی انویسمنٹ کمپنی ’جدوا‘ کے مطابق ملکی خسارہ 109 ارب ڈالر ہے۔

’جدوا‘ کا کہنا ہے کہ جولائی کے آخر میں حکومتی اثاثے کم ہو کر 650 ارب ڈالر ہو گئے ہیں جبکہ رواں سال کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر میں 629 ارب ڈالر کی سطح پر آ جائیں گے۔

بی بی سی کے مشرقِ وسطیٰ کے تجزیہ کار ایلن جانسن کے مطابق تیل کی قیمتوں کے پچاس ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہونے سے سعودی عرب جیسے امیر ملک پر بھی اثر پڑا ہے۔

گذشتہ ایک دہائی میں تیل کی قیمتیں زیادہ تر وقت 50 ڈالر فی بیرل سے اوپر رہی ہیں جس سے تیل برامد کرنے والے ممالک کی آمدن میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *