
ہندوستان میں حلال انڈسٹری کے بہترین مواقع ہیں

امریکن مسلم کنزیومر کنسورٹیم کمپنی کے بانی صدر فیصل مسعودکا دورہ ممبئی کے دوران اظہار خیال
ممبئی:نمائندہ خصوصی ،معیشت ڈاٹ اِن
’’ہندوستان میں حلال انڈسٹری کے بہترین مواقع ہیں۔چونکہ اب تک ہم نے اس انڈسٹری کو کھنگالا نہیں ہے لہذا عام لوگوں کواس کا بہتر اندازہ نہیں ہے۔ساتھ ہی یہ حقیقت بھی ہے کہ ہمارا سابقہ رویہ کہ’’ ہر کچھ حلال ہے‘‘میں تبدیلی واقع ہوئی ہے ۔‘‘ان خیالات کا اظہار امریکن مسلم کنزیومر کنسورٹیم کمپنی کے بانی صدر فیصل مسعود نے اپنے دورہ ممبئی کے دوران کیا۔
معیشت ڈاٹ اِن سے خصوصی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان حلال انڈسٹری کے لیے بڑا مارکیٹ ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ اس کا علم ہمیں نہیں ہے اگر ہم اس مارکیٹ کو خود ہی نہیں بنائیں گے تو کوئی اور اس پر کام کرنے والا نہیں ہے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ جب مارکیٹ بن جائے گا تو اس سے استفادہ کرنے والے دوسرے بھی پیدا ہو جائیں گے‘‘۔
امریکہ میں مسلم کنزیومر پر کام کرنے والے فیصل مسعود جنہیں مذکورہ مارکیٹ پر کام کرنے کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل ہے کہتے ہیں’’ہندوستان میں بھی حلال فوڈ،حلال کوسمیٹکس،حلال میڈیسین،حلال ٹریول کے خواہشمند لوگوں کی بڑی تعداد آباد ہے لیکن ان کی رہنمائی کرنےوالا کوئی نہیں ہے لہذا یہ مارکیٹ فوری طور پر لوگوں کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے ‘‘۔
واضح رہے کہ ممبئی کی ایک کمپنی جس کے مالک جگدیش آچاریہ ہیں نےحال ہی میں’’ حلال کاسمیٹکس‘‘کا آغاز کیا ہے ۔جس پر آئیڈیا ٹو برانڈز کے بانی چندن ناتھ کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں یہ محسوس ہوا کہ یہ نئی مارکیٹ شروع ہو رہی ہے لہذا ہم نے اس طرف توجہ دینی شروع کی ہے‘‘۔
فیصل کہتے ہیں’’مارکیٹ تمام لوگوں کے لیے کھلا ہے ۔دیکھا یہ جارہا ہے کہ اب جین اور کرشچین بھی حلال پروڈکٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں لہذا اس فیلڈ میں جو جتنی محنت کرے گا وہ اس کا اتنا ہی فائدہ اٹھائے گا۔‘‘فیصل مسعودمعیشت ڈاٹ اِن سے اس بات کا بھی تذکرہ کرتے ہیں کہ ’’عالمی طور پر حلال مارکیٹ پھیلتا جا رہا ہے لہذا اس کے اثرات ہندوستان پر بھی پڑ رہے ہیں ۔ہندوستان عالمی منڈی میں اپنی علحدہ ساکھ رکھتا ہے لہذا یہاں کے تاجر باہر کی ضروریات کو محسوس کرتے ہوئے بھی اپنا پروڈکٹ مارکیٹ میں لا رہے ہیں۔