حج کمیٹی آف انڈیا کا انتخاب ، محبوب علی قیصرچیئرمین، سلطان احمد، شیخ جینا وائس چیرمین منتخب

حج کمیٹی آف انڈیا کےوائس چیرمین سلطان احمد چیرمین محبوب علی قیصر کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں
حج کمیٹی آف انڈیا کےوائس چیرمین سلطان احمد چیرمین محبوب علی قیصر کو گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دیتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں

نئی دہلی :(معیشت نیوز) پارلیمانی رکن اور مشہورسیاسی اور سماجی رہنما چودھری محبوب علی قیصر کوحج کمیٹی آف انڈیا کا چیرمین منتخب کیا گیا ہے جبکہ تریمول کانگریس پارٹی کے لیڈرلوک سبھا ممبر سلطان احمد اور گوا حج کمیٹی کے چیرمین شیخ جینا کووائس چیرمین بنایا گیا ہے۔ حج کمیٹی کے سربراہ کے انتخاب کے لئے جواہر بھون میں منعقدہ انتخابی میٹنگ میں مذکورہ انتخاب بیلیٹ پیپر کے ذریعہ عمل میں آیا۔چودھری محبوب علی قیصر کو دس اور ان کے حریف حاجی عنایت حسین قریشی کو چھ ووٹ ملے۔

نائب صدر منتخب ہونے کے بعد سلطان احمد نے معیشت ڈاٹ اِن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس ذمہ داری کو ہم لوگ بہتر انداز میں ادا کرنے کی کوشش کریں گے،یوں تو حج کمیٹی کے بیشتر کام کو لوگ پہلے ہی انجام دے چکے ہیں لیکن جو کمیاں باقی ہیں ہم اسے دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ہماری کوشش ہوگی کہ حجاج کرام کو بہتر سے بہتر سہولیات پہنچائی جائیں اور صاف و شفاف ماحول میں عازمین فریضے کی ادائیگی کریں۔ــ‘‘ سلطان احمد نے معیشت سے کہا کہ ’’پرائیویٹ حج ٹورس کی طرف سے بھی جو غلطیاں سرزد ہوتی ہیں یا جس طرح کا وہ وعدہ کرتے ہیں اگر وہ اسے پورا نہیں کرتے تو ہم اس پر بھی نظر رکھیں گے ‘‘۔
واضح رہے کہ چودھری محبوب علی قیصر کے نام کی تجویز بہار حج کمیٹی چیرمین حافظ محمدالیاس عرف سنو بابو نے پیش کی تھی جس کی تائید کیرالہ سے رکن پارلیمنٹ ای ٹی بشیر نے احمد کی۔ حاجی الیاس عرف سنو بابو نے بتایا کہ حاجی عنایت حسین قریشی کی حمایت میں مرکزی وزیر مملکت مختار عباس نقوی آئے تھے لیکن ممبروں کی اکثریت نے مسٹر محبوب علی قیصر کو منتخب کیا۔
قیصر علی نے اپنے انتخاب کو آزمائش قرار دیتےہوئے کہاکہ وہ تمام متعلقین کے اشتراک سے سفر حج کے سالانہ نظم کے فرائض انجام دیں گے اور ان کی کو شش ہو گی کہ فریضہ حج کی ادا ئیگی احسن سے احسن طور پر عمل میں آئے۔ حافظ الیاس عرف سنو بابو نے اس موقع پر مسٹر قیصر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کو ایک صاف ستھری شبیہ والا لیڈر مل گیا ہے جن کے ساتھ مل کر حاجیوں کے مسائل کو حل کرنے میں آسانی ہوگی۔ کل ہند کانگریس کمیٹی کے رکن اور مشہور سماجی کارکن ساجد ملک نے بھی اس انتخاب پر خوشی ظاہر کی۔واضح رہے کہ چودھری محبوب علی قیصر کو معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کا طویل تجربہ رہا ہے۔ وہ بہار حکومت میں کابینی وزیر رہے اور بہار پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر کی حیثیت سے تنظیمی ذمہ داری بھی سنبھال چکے ہیں۔ وہ لوک جن شکتی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *