
افغانستان کے لیے مالی اعانت سے متعلق برسلز میں کانفرنس شروع
برسلز، 5 اکتوبر (ایجنسی): جنگ سے تباہ حال ملک افغانستان کو مالی اعانت فراہم کرنے کے لیے برسلز میں دو روزہ کانفرنس جاری ہے جس میں 70 سے زائد ممالک اور تنظیموں کے نمائندے شریک ہیں۔
اس ملک کی معیشت طالبان شدت پسندوں کی کارروائیوں، بدامنی اور بدعنوانی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اس کانفرنس کی میزبانی یورپی یونین اور افغانستان مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے بدھ کو کہا کہ یورپی یونین افغانستان کو ایک ارب 20 کروڑ یورو (ایک ارب 30 کروڑ ڈالر) دینے کا وعدہ کرے گی اور انھیں توقع ہے کہ دیگر شراکت دار بھی اتنی ہی رقم فراہم کرنے کا عزم کریں گے۔
موگیرینی نے ان خبروں کی تردید کی کہ اس اعانت کو یورپ سے افغان تارکین وطن کو واپس افغانستان بلانے سے مشروط کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ “ہماری ترقیاتی امداد اور تارکین وطن سے متعلق پالیسیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔”
کانفرنس کے آغاز سے قبل عہدیداروں نے کہا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ آیا افغانستان کے لیے چار ارب ڈالر امداد کا ہدف حاصل ہو سکے گا یا نہیں۔