
انفوسس کا خالص منافع 3,606 کروڑ پہنچا
بنگلورو، 14 اکتوبر (ایجنسی): آئی ٹی سیکٹر کی معروف کمپنی انفوسس کا خالص منافع ستمبر کی دوسری سہ ماہی میں 6.1 فیصد اضافہ کے ساتھ 3,606 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ کمپنی نے اپنی حالیہ کارکردگی اور مستقبل قریب کے غیر یقینی کاروباری منظرنامہ کو دیکھتے ہوئے رواں مالی سال کے لیے اپنی آمدنی کے اندازے کو دوسری بار گھٹانے کا بھی فیصلہ لیا ہے۔ بنگلورو کی اس کمپنی نے گزشتہ مالی سال کی یکساں سہ ماہی میں 3,398 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا تھا۔ ممبئی شیئر بازار کو بھیجی گئی اطلاع میں کمپنی نے کہا کہ جولائی-ستمبر سہ ماہی میں اس کی آمدنی 10.7 فیصد بڑھ کر 17,310 کروڑ روپے پر پہنچ گئی، جو اس سے قبل کے مالی سال کی یکساں سہ ماہی میں 15,635 کروڑ روپے تھی۔
انفوسس کا اندازہ ہے کہ رواں مالی سال میں اس کی آمدنی 8-9 فیصد بڑھے گی۔ روپے میں یہ اضافہ اندازاً 9.2 سے 10.2 فیصد اور ڈالر قیمت میں 8.2 سے 9.2 فیصد ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال یہ دوسرا موقع ہے جب کہ کمپنی نے رواں مالی سال کے لیے اپنی آمدنی کے اندازے کو گھٹایا ہے۔ جولائی میں انفوسس نے کہا تھا کہ ٹھہری ہوئی کرنسی میں اس کی آمدنی 10.5 فیصد سے 12 فیصد تک بڑھنے کا اندازہ ہے۔ وہیں اس سے قبل کمپنی نے 2016-17 میں اپنی آمدنی میں 11.5 سے 13.5 فیصد کے اضافے کا اندازہ لگایا تھا۔ انفوسس کے چیف اگزیکٹیو افسر وِشال سکہ نے اس سلسلے میں کہا کہ ہمیں غیر یقینی باہری ماحول کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے باوجود ہماری توجہ اپنی پالیسی کو کارآمد بنانے اور سافٹ ویئر سروس ماڈل کی رفتار بڑھانے پر ہے۔ رواں مالی سال کی پہلی چھ ماہی کی اپنی کارکردگی اور مستقبل قریب کے غیر یقینی کاروباری منظرنامے کے مدنظر ہم اپنی آمدنی کے اندازے میں ترمیم کر رہے ہیں۔