مدر ڈیری وٹامن ’ڈی‘ سے بھرپور دودھ بازار میں پیش کرے گی


نئی دہلی، 4 نومبر (ایجنسی): لوگوں میں وٹامن ڈی اور غذائیت میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے ’مدر ڈیری‘ نے دہلی سمیت این سی آر کے گاہکوں کے لیے وٹامن اے اور ڈی سے بھرپور دودھ بازار میں اتارنے کا اعلان کیا ہے۔ ابھی یہ دودھ مدر ڈیری بوتھ اور وینڈنگ مشینوں کے ذریعہ دستیاب ہوگا۔ جنوری 2017 میں اسے پالی پیک میں پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مدر ڈیری واحد ایسا برانڈ ہے جو سال 1984 سے اپنے بوتھ پر وٹامن اے سے بھرپور دودھ پیش کرتا آ رہا ہے۔ مدر ڈیری کا وٹامن اے اور ڈی سے فورٹیفائیڈ دودھ اس کے سبھی بوتھوں اور موبائل وینڈنگ یونٹ پر 36 روپے فی لیٹر کی موجودہ شرح پر دستیاب ہوگا۔
اس سلسلے میں مدر ڈیری فروٹ اینڈ ویجیٹبل پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ افسر ڈاکٹر ٹی ایس آر مرلی نے کہا کہ وٹامن اے اور ڈی کی کمی فکر کا موضوع ہے، جس سے امراض چشم، اوسٹیوپوروسس اور صحت سے متعلق دیگر مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اس طرح کی بیماریاں موجودہ طرز زندگی کی وجہ سے بھی ہیں جہاں جسم کو صحیح طرح سے سورج کی شعاعیں نہیں مل پاتی ہیں۔ اس لیے ان اہم وٹامن سے دودھ کو مزین کیا جانا گاہکوں کے لیے ایک بہترین متبادل ہے تاکہ غذائیت سے بھرپور مصنوعات سے ان کی روز مرہ کی ضرورتیں پوری ہو سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *