
کچھ ریاستوں میں بینک بند تو کہیں کھلا، بہار کے بینکوں میں لوگوں کی لمبی قطار
نئی دہلی، 14 نومبر (ایجنسی): نوٹ بندی کے بعد 500 اور 1000 کے نوٹ بدلنے اور اے ٹی ایم سے نئے نوٹ نکالنے کا ہنگامہ پورے ملک میں برپا ہے۔ نوٹ بدلنے کے لیے لوگ گھنٹوں بینکوں میں اپنے نمبر کا انتظار کر رہے ہیں۔ نوٹ بندی کے کل چوتھے دن بھی لوگوں کو راحت نہیں مل پائی۔ جیسے تیسے لوگوں نے اپنے نوٹ بدلے اور کئی جگہ سے تو مار پیٹ کی خبریں بھی آئیں۔ اس درمیان گرو نانک جینتی یعنی آج ملک بھر کے کئی ریاستوں میں بینک کھلے ہوئے ہیں جب کہ کئی ریاستوں میں تعطیل ہے۔ بہار کے لوگوں کو جہاں بینک کھلے ہونے سے راحت ملی ہے وہیں جھارکھنڈ کے لوگوں کو نوٹ بدلنے یا اپنے اکاﺅنٹ میں پیسے جمع کرنے کا موقع اب کل ہی مل پائے گا۔ جھارکھنڈ کے علاوہ دہلی، ممبئی، مغربی بنگال، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور شمال مشرق کے تقریباً سبھی بینک بند ہیں۔
جن ریاستوں میں آج بھی بینک حسب سابق کھلے ہوئے ہیں ان میں بہار، اڈیشہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو وغیرہ شامل ہیں۔ یہاں عام دنوں کی طرح ہی کام ہو رہے ہیں اور لوگوں کی لمبی قطار دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لوگ بینک جا کر اپنا نوٹ بدل بھی رہے ہیں اور اکاﺅنٹ میں پیسہ بھی جمع کرا رہے ہیں۔