
گیہوں کے ایم ایس پی میں 100 اور دال کے ایم ایس پی میں 550 روپے کا اضافہ
نئی دہلی، 16 نومبر (ایجنسی): گیہوں اور دال کی کم از کم حمایتی قیمت یعنی ایم ایس پی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ منگل کو گیہوں کے ایم ایس پی میں 100 روپے کا اضافہ ہوا جس سے اب یہ قیمت بڑھ کر 1,625 روپے فی کوئنٹل اور دالوں کا ایم ایس پی بھی 550 روپے فی کوئنٹل کی شرح سے بڑھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت نے یہ قدم ربیع کی فصلوں کی زراعت کو فروغ دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے مقصد سے اٹھایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی معاملوں کی کابینہ کمیٹی نے اس اہم فیصلے پر غور و خوض کیا۔ بات چیت کے بعد کمیٹی نے 2016-17 کے سبھی ربیع فصلوں (جاڑے میں بوائی والے) کے لیے ایم ایس پی بڑھانے کو منظوری دی۔ اس کمیٹی نے گیہوں کے ایم ایس پی 100 روپے بڑھا کر 1625 روپے فی کوئنٹل کرنے کو منظوری دی ہے۔ کمیٹی نے یہ فیصلہ 2016-17 کی ربیع فصل کے لیے کیا ہے۔ گزشتہ سال گیہوں کے لیے ایم ایس پی 1,525 روپے فی کوئنٹل کیا گیا تھا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ”گیہوں کے ایم ایس پی میں 6.6 فیصد اور جو میں 8.2 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ بونس کو ملا کر چنے کے ایم ایس پی میں 14.3 فیصد، مسور میں 16.2 فیصد اور سرسوں میں 10.4 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ دلہن اور تلہن کی زراعت میں کسانوں کو فائدہ دینے کے لیے ان فصلوں پر ایم ایس پی کے علاوہ بونس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔