
دسمبر کے آخر تک بازار میں پہنچے گا 50 فیصد پیسہ: شکتی کانت
نئی دہلی، 15 دسمبر (ایجنسی): مالیات کے سکریٹری شکتی کانت داس نے نئے نوٹوں کی دستیابی سے متعلق آج پریس کانفرنس کیا۔ نوٹ بندی کے 37ویں دن بینکوں اور اے ٹی ایم میں لمبی قطار کے درمیان مالی سکریٹری شکتی کانت داس نے کہا کہ 500 روپے کے نئے نوٹوں کی چھپائی بڑھائی گئی ہے۔ آئندہ دو تین ہفتہ میں پانچ سو کے نوٹوں کی دستیابی بینک میں بڑھائی جائے گی۔ 30 دسمبر تک 40 فیصد نوٹ بازار میں ہوں گے۔ انھوں نے 100 روپے کے نوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 100 روپے کے 80 ہزار کروڑ نوٹ بازار میں اتارے جا چکے ہیں۔ 100 روپے کے نوٹوں کی چھپائی میں تین گنا تیزی لائی گئی ہے۔ 50 اور 20 روپے کے نوٹوں کی چھپائی بھی کی جا رہی ہے۔ دو تین ہفتہ میں بازار میں نقدی کی سپلائی میں تیزی آئے گی۔
مالی سکریٹری نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک کے مختلف حصوں تک پیسہ پہنچانے کے لیے طیارہ کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ کو آپریٹو بینکوں میں نقدی سپلائی میں تیزی آئے گی۔ ملک بھر میں انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری میں بڑے پیمانے پر ملنے والے نئے نوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شکتی کانت داس نے کہا کہ سخت نگرانی کی وجہ سے نوٹ پکڑے جا رہے ہیں۔ ضبط کیے گئے نئے نوٹ مارکیٹ میں بھیجے جا رہے ہیں۔