
کیس لیس معیشت غریبوں پر نہیں تھوپا جانا چاہیے: راہل گاندھی
پنجی، 17 دسمبر (ایجنسی): کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کیس لیس معیشت کی طرف بڑھنے کے خلاف نہیں ہے لیکن اس سوچ کو غریبوں پر نہیں تھوپا جانا چاہیے۔ کانگریس کے 46 سالہ ممبر پارلیمنٹ نے کہا ”ہم نقدی کے بنا چلنے والی معیشت کے خلاف نہیں ہیں لیکن ہم نہیں چاہتے کہ حکومت اسے غریبوں پر تھوپے۔“ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو 100 روپے نقدی کی پوری قیمت ملی تھی لیکن ادائیگی کے لیے جب وہ کارڈ کا استعمال کریں گے تو انھیں پانچ سے چھ فیصد کمیشن دینا پڑے گا۔ راہل گاندھی فتوردا گاﺅں میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔
دوسری جانب کانگریس لیڈر کپل سبل نے کہا کہ حکومت کو کروڑوں لوگوں کو پریشانی میں ڈالنے کی جگہ ان مٹھی بھر ارب پتیوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے جنھوں نے بین الاقوامی لاکروں میں اپنا کالا دھن چھپا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کالا یا سفید دھن لوگوں پر منحصر نہیں ہے بلکہ لین دین کے طریقے پر منحصر ہوتا ہے۔ کالا دھن سے لڑنے کے لیے خصوصاً لین دین پر دھیان دینا چاہیے نہ کہ لوگوں پر۔