
لانچ کے محض دو دنوں بعد 30 لاکھ مرتبہ ڈاﺅن لوڈ ہوا ’بھیم ایپ
نئی دہلی، 3 جنوری (ایجنسی): نوٹ بندی کے بعد کیش لیس انڈیا کی مہم میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ لانچ ’بھیم ایپ‘ ملک کا سب سے مقبول اینڈرائیڈ ایپ بن کر ابھرا ہے۔ پلے اسٹور میں سب سے ٹاپ پر پہنچے بھیم ایپ کو گوگل نے 4.1 ریٹنگ دی ہے جب کہ محض دو دنوں میں اس ایپلی کیشن کو 10 لاکھ سے زائد لوگوں نے ڈاﺅن لوڈ کر لیا ہے۔ صرف پلے اسٹور سے اس ایپ کو ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے ڈاﺅن لوڈ کیا ہے۔ نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت کا کہنا ہے کہ سودیشی ڈیجیٹل پیمنٹ ایپ بھیم کو اب تک 30 لاکھ مرتبہ ڈاﺅ لوڈ کیا جا چکا ہے اور اس کے ذریعہ پانچ لاکھ سے زائد لین دین ہوئے ہیں۔ کانت نے سوموار کو ٹوئٹر پر یہ جانکاری دی۔ انھوں نے لکھا ہے ”ہندوستان میں پلے اسٹور میں بھیم پہلے نمبر کا ایپ بن گیا ہے۔“
اس ایپلی کیشن کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اسے آپریٹ کرنے کے لیے انٹرنیٹ کنکشن اور اینڈرائیڈ فون کی ضرورت نہیں ہے۔ *99# ٹائپ کرنے کے بعد عام موبائل فون سے بھی اس ایپ کو آپریٹ کیا جا سکتا ہے۔ اس سے ایک بار میں 10,000 روپے تک کا پیمنٹ کیا جا سکتا ہے جب کہ ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 20,000 روپے تک کا پیمنٹ کیا جا سکتا ہے۔