
مودی حکومت ملک میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈال رہی ہے:شمیم احمد

اگر چٹ فنڈ کمپنی کے پروگرام میں شرکت جرم ہے تومودی ، اڈوانی باہر کیوں ؟
کولکاتا(معیشت نیوز و ایجنسی)ممبر پارلیمنٹ سدیپ بندو پادھیائے کی گرفتاری کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن نے 7جنوری اتوار کو سہ پہر تین بجے سے گاندھی مورتی میوروڈ پر دھرنے کا اعلان کیا ہے ۔ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کی ریاستی یونٹیں بشمول بہار، اڑیسہ، جھار کھنڈ، آسام، مدھیہ پردیش، چھتس گڑھ، راجستھان ، آندھراپردیش، تلنگانہ اور مہارشٹر میںسی بی آئی کے غلط استعمال کے خلاف مظاہرہ کرے گی۔
ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے صدر دفترمیں منعقد قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں مغربی بنگال میں تیزی سے تبدیل ہورہی سیاسی صورت حال اور مرکزی حکومت کے ذریعہ جانچ ایجنسی سی بی آئی کا سیاسی استعمال اور اپوزیشن کی آواز دبانے کیلئے سی بی آئی کے ذریعہ اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مودی حکومت ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے اور ایک پارٹی سیاسی نظام نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔
ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے صدر و قائد اردو شمیم احمد نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ سدیپ بندو پادھیائے کی گرفتاری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ترنمول کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں ملک میں نوٹ بندی کے خلاف سخت احتجاج کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سدیپ بندو پادھیائے کی گرفتاری انتقامی سیاست کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے ۔ نوٹ بندی کے نام پر مودی کی قیادت والی حکومت غریبوں کے جیپ پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔کروڑوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں ۔غریبوں کی اس آواز کو دبانے کیلئے اپوزیشن لیڈروں کو پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ سی بی آئی کی خود مختاری کو مرکز میں اقتدار میں آ نے والی پارٹیاں یرغمال بنالیتی ہے اور اس ایجنسی کے ذریعہ سیاسی جماعتیں بالخصوص علاقائی سیاسی جماعتوں کو ڈرانے و دھمکانے کیلئے کیاجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کا یہ دعویٰ لغو اور بے کار ہے کہ ممبر پارلیمنٹ نے مبینہ چٹ فنڈ کمپنی کے پروگرام میں شرکت کی تھی۔سوال یہ ہے کہ کیا اس بنیاد پر کوئی مجرم ہوسکتا ہے۔اگر ایسا ہے تو وزیر اعظم نریندر مودی، لال کرشن اڈوانی، سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور دیگر سیاست داں کو بھی جیل میں ہی ہونا چاہیے کیوں کہ یہ سب لیڈران ملک کی سب سے بڑی چٹ فنڈ کمپنی کے پروگرام میں درجنوں مرتبہ شرکت کی ہے۔اب تو کروڑوں روپے نقد لینے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔شمیم احمد نے کہا کہ مودی نے 2014میں چار ہزار ریلیاں کی تھیں کیا سی بی آئی کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ اس کا حساب طلب کرے کہ ان ریلیوں میں کالا دھن کتنا ہے اور سفید کتنا۔
شمیم احمد نے کہا کہ ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن ایک غیر سیاسی تنظیم ہے اور ہمارا مقصدحقوق انسانی کا تحفظ ہے مگر غریبوں و کمزروں کیلئے بلند ہورہی ہے آوازکو اگر دبانے کی کوشش کی جاتی ہے تو ہمارا خاموش رہنا اور ان معاملات سے قطع تعلق کا مطلب خاموش حمایت میں شامل ہوگا۔اس لیے ہم نے ہیومن رائٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے بینر تلے ملک میں جمہوریت و حقوق انسانی کے تحفظ اور غریب و بے کس افراد کے تعاون کیلئے کھل کر میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ہم ہر اس آواز اور جد و جہد کی تائید کریں گے جو غریبوں کے حق کیلئے بلند ہوگی ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ترنمول کانگریس اس وقت نوٹ بندی کے نام پر ہونے والی لوٹ کے خلاف جد و جہد کررہی ہیں اس لیے ہم بھی ان کی تائید کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔