
’’ رئیس‘‘نے رِتک روشن و یمنی گوتم کو کسی ’’قابل‘‘نہیں رکھا
شاہ رخ خان کی ساتویں فلم سو کروڑ کے کلب میں شامل،تمامتر پابندیوں کے باوجود بزنس میں روز افزوں اضافہ
ممبئی:(معیشت نیوز) بالي ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کی فلم رئیس نے سو کروڑ کے کلب کو پار کر لیا ہے اور چھٹے روز مجموعی طور پر ایک سو ۷۴ کروڑ کا کاروبار کیا ہے ۔ٹریڈ تجزیہ نگار رمیش بالا کے ٹیوٹ کے مطابق ’’۳۰ جنوری تک رئیس نے ۱یک سو ۷۴ کروڑ کا کاروبار کیا ہے اور شاہ رخ کی ساتویں فلم سو کروڑ کے کلب میں پہنچ گئی ہے‘‘۔
واضح رہے کہ ریلیز کے دوسرے ہی دن فلم نے 26.30 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی اور یوم جمہوریہ کے دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی تھی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سلمان خان کی فلم جے ہو کے نام تھا جس نے 25 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔
کمائی کے معاملے میں رئیس کے ساتھ ریلیز ہوئی قابل بھی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہےجس نے اب تک 50.73 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ قابل نے ریلیز کے پہلے دن تقریباً 10 کروڑ روپے کے کمائی کی تھی ، جبکہ رئیس نے 20.42 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی۔ دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر اچھا کاروبار کر رہی ہیں لیکن رئیس کی برتری برقرار ہے۔
اس درمیان بالی ووڈ کے عظیم اداکار امیتابھ بچن نے دونوں فلموں میں ان کے نام اور ان کی فلموں کا ذکر ہونے پر شکریہ ادا کا کیا ہے اور دونوں ہی فلموں کو نیک خواہشات دی ہیں۔ رئیس کے لئے انہوں نے ٹویٹ کیا کہ شاہ رخ آپ کو نیک خواہشات۔ آپ کی اینگری ینگ مین کی تصویر پسند آئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر جہاں ہندو انتہا پسندوں نے ’’رئیس‘‘کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے وہیں وہ ’’قابل‘‘کو دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ان کے تمام مشوروں کے باوجود ’’رئیس‘‘نے رِتک روشن اور یمنی گوتم کو اس ’’قابل ‘‘نہیں رکھا ہے کہ وہ سو کروڑ کے کلب میں بھی شامل ہو سکیں۔