
ایرونوٹیکل انجینئر سید اسامہ میر خطاب کے بعد خوشگوار موڈ میں جبکہ اشتہارات کی کمپنی کریٹیو ایڈ کے مالک مبارک کاپڑی ،ادارے کی پرنسپل و دیگر اساتذہ و مہمانان کو بھی دیکھا جاسکتا ہے(تصویر : معیشت)
ممبئی(معیشت نیوز) انجمن اسلام کی زیر نگرانی تعلیمی خدمات انجام دینے والے انجمن اسلام الانا انگلش ہائی اسکول میں سالانہ تعلیمی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں ادارے کے ہی سابق طالب علم انجینئر سید اسامہ میر نے خطاب کیاجبکہ اشتہارات کی کمپنی کریٹیو ایڈ کے مالک مبارک کاپڑی بھی وہاں موجود تھے ۔
ایرونوٹیکل انجینئرسید اسامہ میر نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تعلیم کے دوران طلبہ وطالبات کو جن چیزوں کا خیال رکھنا چاہئے اس میں اپنی پڑھائی کے تئیں ایمانداری ہے جب تک آپ ایمانداری کے ساتھ پڑھائی پر توجہ نہیں دیں گے دنیا کی کوئی طاقت آپ کو اس کے لیے آمادہ نہیں کر پائے گی‘‘۔سید اسامہ نے کہا کہ ’’ایک طالب علم کو چاہئے کہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ابتداء سے ہی وہ اس سلسلے میں کوشش کرتا رہے اور اپنی نظریں گڑائے رکھے‘‘۔صبح اٹھنے اور رات کو جلد سونے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’طلبہ و طالبات میں یہ بیماری عام ہوتی جا رہی ہے کہ وہ صبح دیر سے اٹھتے ہیں جبکہ رات کو دیر تک جاگے رہتے ہیں جب آپ کا شیڈیول اس طرح کا ہوگا تو زندگی میں آپ کوئی بڑا کام نہیں کر پائیں گے،لہذا بہتر یہ ہے کہ آپ رات کو جلد سو جائیں اور صبح جلد اٹھیں تاکہ آپ اپنے وقت کا بہتر استعمال کر سکیں‘‘۔اسامہ نے والدین کی خدمت اور والدین سے ہی صلاح کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’اس وقت کریئر گائنڈنس کی وبا چلی ہوئی ہے ہر ایرا غیرا جسے اس فن پر مہارت بھی نہیں ہے کریئر گائڈنس کا پروگرام کرتا نظر آجائے گاحالانکہ اپنے بچوں کو سب سے بہتر والدین ہی سمجھتے ہیں لہذا سب سے پہلے والدین سے مشورہ کریں اور ان کی خدمت کے ساتھ صلاح بھی لیں اور آگے کی منزلیں طے کریں یقیناً والدین سے بہتر مشورہ کوئی اور نہیں دے سکتا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’اس عمر میں بہکانے والے لوگ بہت زیادہ ملیں گے جبکہ آپ کو آپ کے نصب العین سے دور کرنے والوں کی بھی بڑی تعداد مل جائے گی لیکن جب طالب علم اپنے والدین ،وقت کی قدر اور نصب العین سے گہری وابستگی رکھے گا تو بہکانے والے کبھی اس کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ اشتہارات کی کمپنی کریٹیو ایڈ کے مالک مبارک کاپڑی نے اردو زبان میں اپنا خطاب پیش کیا جبکہ نوجوان ایرونوٹیکل انجینئر سید اسامہ میر نے انگریزی زبان میں خطاب کرکے نہ صرف طلبہ و طالبات کا دل جیت لیا بلکہ وہاں موجود اساتذہ نے سابق طالب علم کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے اسکول سے ایسے ہونہار بھی فارغ ہورہے ہیں جنہیں دیکھ کر ہمیں بہت خوشی ہوتی ہے ‘‘۔