
مسلم اکثریتی شہر ممبرا پر’’ بین الاقوامی معیشت ‘‘کے ’’ دستاویزی شمارہ‘‘ کی تیاریاں زوروں پر

معیشت،تجارت،صنعت،سیاست،معاشرت کے ساتھ زندگی کے تمام شعبہ حیات پر مشتمل یہ دستاویزی شمارہ ہوگا ؛ذمہ داران کی یقین دہانی
ممبرا: (معیشت نیوز)’’مہاراشٹر کے ضلع تھانے کا شہرکوسہ ممبرا مسلم اکثریتی علاقہ ہے۔ جس نے دو دہائیوں میںترقی کے منازل طے کرتے ہوئے اپنی علحدہ شناخت قائم کی ہے۔لیکن ماضی کی بدنامیوں نے اسے آج بھی’’اچھوت‘‘بنائے رکھا ہے۔ سماجی ،سیاسی ،معاشی و معاشرتی میدان میںپرانی قدروں کا حامل خطہ گوکہ اب نئی فکر کے ساتھ منصہ شہود پر آرہا ہے لیکن بے ترتیب نشو نما نے اس کی پرانی قدروں کو بری طرح پامال کیا ہے‘‘۔ان خیالات کا اظہار معیشت میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر دانش ریاض نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’گذشتہ ایک دہائی میں مسلم آبادی نے اسے ’’جائے امن‘‘کے طور پرتو قبول کیا ہے اور پڑھے لکھے طبقے کی بڑی تعداد یہاں منتقل بھی ہو رہی ہےجبکہ معاشی میدان میں چھوٹے کاروباری اسے اپنی ’’دسترس والا‘‘ علاقہ بھی تسلیم کرنے لگے ہیں لیکن اس کے باوجود روایتی ناقدری نے ’’نہ سوچ بدلا ہے ‘‘،اور’’نہ ہی ممبرا کو ’’بدلنے کی کوشش‘‘کی ہے۔ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایک ایسا دستاویز تیار کریں جو نا صرف ماضی کی قدروں کا نگہبان ہو بلکہ مستقبل کا خاکہ لئے خطے کی تشکیل نو کا پیامبر بن جائے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ’’ماہنامہ بین الاقوامی معیشت جس نے ماضی میں اپنی گراں قدر نگارشات کے ذریعہ سنگ میل کا کام کیا ہےاور ہندوستان میں معاشی انقلاب کا نقیب ثابت ہوا ہے، جس نےچھوٹے موٹے کاروباریوں کے بیچ نئی جوت جگائی ہے اور بلندیوں پر پہنچنے کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا ہےاب کوسہ ممبرا پر اپنا خصوصی شمارہ پیش کرنے کی جرات کر رہا ہے‘‘۔انہوں نے کور پیج ڈیزائن کیپشن کے حوالے سے کہا کہ ’’ممبرا کشتی سازی سے مسلم آبادی تک‘‘فی الحال سوچا گیا ہے جبکہ سر ورق پرجوتصویر استعمال کی جائے گی وہ یاتو وفا پارک کی مسجد عمرکی ہوگی یا پھر جامع مسجد کوسہ یا دار الفلاح کی ہوگی۔ مشورے میں جو چیز طے قرار پائے گی انشاء اللہ اس پر عمل کیا جائے گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال جن ذیلی موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے وہ ’’کوسہ و ممبرا کی چھوٹی صنعتوں کا تعارف و جائزہ‘‘’’کوسہ و ممبرا میں سرکاری و غیر سرکاری مالیاتی ادارے‘‘’’ممبرا کے تعلیمی مراکز: اسکول ،کالج، کلاسیز کا جائزہ‘‘’’ممبرا کی فلاحی و سماجی تنظیموں کا جائزہ‘‘’’ممبرا کی آبادی سرکاری اعداد و شمار اور غیر سرکاری سروے کے نتائج‘‘’’ممبرا کی ادبی سرگرمیاں ماضی و حال کے تناظر میں‘‘’’ممبرا میں مقیم صحافیوں کی خدمات ،تعارف و جائزہ‘‘’’ممبرا کے درخشاں ستارے( اسپورٹس،وغیرہ وغیرہ۔۔۔)’’ممبرا کے مساجد تاریخی جائزہ‘‘’’ممبرا کے غیر مقیم ہندوستانی(خلیجی ممالک میں کام کرنے والوں پر ایک رپورٹ)‘‘’’ممبرا میں تفریحی مقامات (پلے گرائونڈ ،وغیرہ وغیرہ۔۔۔۔)‘‘’’بدلتے ممبرا کی تصویر: بلڈر،آرکٹیچر، کارپوریٹر کی خدمات کا جائزہ‘‘’’ممبرا کے بزرگان دین اور ان کی خدمات‘‘’’ممبرا کی مشہور ہائوسنگ سو سائٹیز اور کالونیاں‘‘’’ممبرا کی معاشرت :ماضی و حال(شادی بیاہ کے طور طریقے،پکوان)‘‘’’گلاب پارک مارکیٹ : بننے ،سنورنے اور اجڑنے کی داستان‘‘وغیرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شمارے میں ممبر آف پارلیمنٹ اور ممبر آف اسمبلی کا انٹرویو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ ہر لحاظ سے یہ دستاویزی شمارہ ہو۔
دانش ریاض کے مطابق ’’وہ لوگ جو اپنے مضامین،مقالات یا کسی بھی طرح کے اطلاعات سے ادارے کو مستفید کرنا چاہتے ہوں وہ از راہ کرم maeeshatmedia@gmail.comپر اپنی نگارشات،مشورےارسال کر سکتے ہیں ۔ادارہ ان کا ممنون و مشکور ہوگا اور اس دستاویزی شمارے میں ان کو جگہ دے گا۔