وزیر اعظم نریندر مودی کا آج سےدورہ اسرائیل،وفدمیں تاجروں کی بڑی تعداد شریک

وزیر اعظم نریندر مودی کا دورہ متحدہ عرب امارات
وزیر اعظم نریندر مودی 

نئی دہلی،(معیشت نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی آج یعنی 4 سے 6 جولائی تک اسرائیل کا دورہ کررہےہیں ۔ وہ 12 ویں جی ٹوئنٹی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے 6 سے 8 جولائی کو جرمنی کے ہیمبرگ کا بھی دورہ کریں گے ۔ اپنے اکاؤنٹ سے فیس بُک پوسٹ کی سیریز میں وزیر اعظم نے کہا ہے کہ میں اسرائیل کے وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو کی دعوت پر اسرائیل کا دورہ کررہا ہوں ۔ واضح رہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی وزیر اعظم ہوں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے ہندوستانی وزیر اعظم کی حیثیت سے اسرائیل کا دورہ کرنے پر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے ۔ میں اِس بے نظیر دورے کا بے صبری سے منتظر ہوں، جو دونوں ملکوں اور عوام کواور زیادہ قریب لائے گا ۔ اس سال ہندوستان اور اسرائیل اپنے سفارتی تعلقات کے 25 سال پورے ہونے کا جشن منا رہے ہیں ۔
میں دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری کے بارے میں وزیر اعظم نیتن یاہو کے ساتھ تفصیلی بات چیت کروں گا اور آپسی فائدے کے لئے گونا گوں شعبوں میں اِسے اور زیادہ مستحکم کروں گا ۔ ہم کو دہشت گردی جیسے بڑے مشترکہ چیلنجوں پر تبادلۂ خیال کا موقع بھی ملے گا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں صدر ریووِن رُوی رِولِن سے بھی ملاقات کروں گا،جن کا پچھلے سال نومبر میں ، میں نے نئی دلّی میں پُر جوش خیر مقدم کیا تھا۔ ساتھ ہی ساتھ دوسرے سینئر لیڈروں سے بھی ملاقات کی تھی ۔
اس دورے کے دوران میری حکومت مجھے اسرائیل کے معاشرے کے مختلف طبقوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔میں خاص طور پر اسرائیل میں بڑی تعداد میں روہنے والے ہندوستانیوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا منتظر ہوں ، جو ہمارے دونوں عوام کے درمیان رشتوں کی نمائندگی کرتے ہیں ۔
اقتصادی میدان میں ، میں اسرائیلی اور ہندوستانی سی ای اوز اور اسٹارٹ اپس کے ساتھ شرکت کروں گا تاکہ کاروبار اور سرمایہ کاری اشتراک کو وسعت دینے کی مشترکہ ترجیح پر تبادلۂ خیال کر سکوں ۔ اس کے علاوہ ، میں ٹیکنا لوجی اور اختراع کے سلسلے میں بھی بات کروں گا ۔ میں اپنے قیام کے دوران یاد واشیم میموریل میوزیم کا دورہ بھی کروں گا ، جہاں میں ہولو کوسٹ متاثرین کی یاد میں خراج عقیدت پیش کروں گا ۔ بعد میں،میں بہادر ہندوستانی فوجیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کروں گا ، جنہوں نے 1918 ء میں ہیفا کی آزادی کے دوران اپنی جانیں قربان کی تھیں ۔6 جولائی کی شام کو میں 12 ویں جی ۔ 20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے ہیمبرگ کا اپنا دورہ شروع کروں گا ۔ 7 اور 8 جولائی کو میں اہم معاملات پر جی ۔ 20 ملکوں کے لیڈروں کے ساتھ بات چیت کرنے کا منتظر رہوں گا ۔ ان لیڈروں کے ساتھ ، اُن معاملات پر بات چیت کروں گا ، جو آج کی ہماری دنیا پر اثر انداز ہو رہے ہیں ، جو اقتصادی ترقی ، پائیدار ترقی اور امن و استحکام پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *