
طلاق بدعت سے متعلق بل لوک سبھا میں منظور
نئی دہلی، 28 دسمبر (یو این آئی) شادی شدہ مسلم خواتین کو تین طلاق کی غلط رسم سے نجات دلانے کے لئے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے لوک سبھا نے آج سرخیوں میں چھائے مسلمان خواتین(شادی کے مابعد حقوق کا تحفظ) بل -2017 کو صوتی ووٹوں سے منظوری دے دی۔
ایوان نے اپوزیشن ارکان کی جانب سے پیش کی گئي کچھ ترامیم کو ووٹنگ سے اور کچھ کو صوتی ووٹ سے مسترد کر دیا۔ بل منظور ہونے سے پہلے بیجو جنتا دل اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ارکان نے مخالفت میں ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر لائے گئے اس بل میں تین طلاق (طلاق بدعت) کو سنگین اور غیر ضمانتی جرم کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ بل میں تین طلاق دینے پر شوہر کو تین سال تک قید کی سزا کا قانون ہے۔ اس کے علاوہ بیوی اور چھوٹے بچوں کے اخراجات دینے کا بندوبست کیا گيا ہے اور متاثرہ خاتون کو چھوٹے بچوں کو اپنے ساتھ رکھنے کا حق دیا گیا ہے۔