معیشت کے اشاریے بہتری کے غماز:جیٹلی

نئی دہلی ،29سمبر(یواین آئی)وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں مصنوعات سازی کےشعبہ میں اضافہ کا ذکرکرتےہوئے آج کہا کہ سبھی اقتصادی اشاریے معیشت کی بہتری کی غمازی کررہے ہیں ۔
مسٹر جیٹلی لوک سبھامیں وقفہ سوال کےدوران پوچھے گئے ایک ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے ۔انھوں نےترنمول کانگریس کے سوگت رائے کےاس دعوے کو خارج کردیا جس میں انھوں نے موجودہ حکومت میں معیشت کے غوطہ لگانے کی بات کہی تھی ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ 18۔2017کی پہلی سہ ماہی کے اعدادوشمار اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ خدمات کے شعبہ میں 8اعشاریہ 7فیصد کا اضافہ درج کیا گیاہے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ خریداری کررہے ہیں ۔انھوں نے مصنوعات سازی کے شعبہ میں بھی سات فیصد نموکا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ اشیا اور خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی )کے اعلان کے بعد جلدبازی میں مال فروخت کئے تھے ،لیکن اب ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح بلندی کی طرف جانے کے اشارے ملنے لگے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جی ایس ٹی نافذ ہونے سے ملک کی اقتصادی شرح نمو میں بہتری کے اہم مواقع حاصل ہوئے ہیں ۔
مسٹر جیٹلی نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندستان 2017میں سب سے تیزی سے نموپانے والی معیشت کے معاملہ میں دنیا کا دوسرا ملک ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *