
امامیہ چیمبرآف کامرس کے دوسرے میقات کی تکمیل،نئی منیجنگ کمیٹی کے ساتھ میر ممتاز علی صدر منتخب

نئی دہلی: (پریس ریلیز)امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)نے اپنے قیام کے چار برس بحسن و خوبی مکمل کر لئے ہیں جبکہ قومی مجلس عاملہ نے ۲۰۱۸-۲۰۲۰کے لئے نئے ذمہ داران کا انتخاب کر لیا ہے۔نئی دہلی کے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں منعقدہ قومی مجلس عاملہ نے کرناٹک اکائی سے تعلق رکھنے والے میر ممتاز علی کو بلا مقابلہ صدر منتخب کیا ہے۔واضح رہے کہ میر ممتاز علی سید عون صفوی کی جگہ لیں گے جنہوں نے مسلسل دو میقات تک آئی سی سی آئی کی سربراہی کی ہے۔میجر (ریٹائر )ایس جے ایم جعفری کو ایکزکٹیو صدر منتخب کیا گیا ہے۔جبکہ آغا مجاہد حسین حسینی اور قمر عباس کو نائب صدرمنتخب کیا گیا ہےساتھ ہی علی عابدی اور ڈاکٹر مبارک نقی کو بتدریج جنرل سکریٹری کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔
نائب صدر کی ذمہ داری ادا کر رہے ایم بی نقوی کو این سی آر اکائی کا چیرمین منتخب کیا گیا ہے۔جبکہ مہاراشٹر اکائی کے لئے اقبال ایم سید اور کرناٹک اکائی کے لئے محسن شیرازی کو بتدریج چیرمین کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امامیہ چیمبر آف کامرس ہندوستان میں شیعہ تاجر حضرات کی وفاقی تنظیم ہے جس کا قیام ۲۰۱۴میں تین کلیدی میدان (تعلیم ،روزگار اور آنٹرپرینرشپ یعنی تجارت کافروغ)میں کام کرنے کی خاطر عمل میں آیا تھا۔بانی صدر سید عون صفوی کی سربراہی میں جہاں امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اتر پردیش،مہاراشٹر،کرناٹک ،آندھرا پردیش،تمل ناڈ میں اپنی شاخیں قائم کیں وہیں دہلی این سی آر میں بھی اکائی قائم کی گئی۔ایک غیر منافع بخش تنظیم ہونے کی وجہ سے جہاں اس نے کمیونیٹی تجارت ،روزگار اور تعلیمی ضروریات کا احاطہ کیا ہے وہیں بہت سارے ایسے کام بھی انجام دئے ہیں جو انفرادی اور اجتماعی تجارت کو فروغ دینے کا سبب بنا ہے۔یقیناً امامیہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے بینر تلے شیعہ کمیونیٹی نے مالیاتی ،تجارتی،روزگاراور تعلیم میں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔