
اوردیکھتے ہی دیکھتے رمضان شروع ہوگیا

مولانا محمد طاہر مدنی
دیکھتے ہی دیکھتے رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہوگیا اور ہم ٹھیک سے استقبال بھی نہ کرسکے، کتنی خوش قسمتی کی بات ہے کہ مختصر زندگی میں ایک بار مزید رمضان المبارک کے ایام سے استفادے کا موقع مل رہا ہے.
کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں کرنا چاہیے؛
رمضان المبارک سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان امور کا اہتمام کارگر ہوگا؛
1.. روزوں کا اہتمام، ایک روزہ بھی اگر بلاعذر ترک کر دیا تو ساری عمر تلافی نہیں ہوسکتی.
2… نماز کی پابندی، رسول اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا؛ من ترک الصلاة متعمدا فقد کفر؛ جس نے جان بوجھ کر نماز ترک کی اس نے کفر کیا.
3… قیام رمضان کا اہتمام؛ نماز تراویح اس ماہ مبارک میں شوق سے پڑھی جاتی ہے اور امام کے ساتھ آخر تک شریک رہنے سے پوری رات کے قیام کا اجر ملتا ہے.
4… قرآن مجید سے شغف؛ یہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اس میں قرآن سے تعلق بڑھ جانا چاہیے. تلاوت، تدبر، حفظ، عمل اور قرآن کے پیغام کو عام کرنے کا اہتمام کرنا چاہیے.
5… إنفاق؛ یہ جود و سخا کا مہینہ ہے، اس میں صدقات و خیرات کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کیا جائے اور ضرورت مندوں کی مدد ہو
6… دعاء؛ دعا کی قبولیت کا مہینہ ہے، روزہ دار کی دعا قبول ہوتی ہے اس لیے گڑگڑا کر خوب دعا کرنی چاہیے.
7… آخری عشرے میں اعتکاف اور اس کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کرنی چاہیے. شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے.
8… اہل خانہ کی اصلاح و تربیت؛ اس ماہ مبارک میں توجہ الی اللہ کی کیفیت ہوتی ہے جس کی وجہ سے تربیت میں مدد ملتی ہے. اپنے گھر والوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کا تعلق اللہ سے بڑھانے کی کوشش کی جائے.
اس مبارک مہینے میں کیا نہ کیا جائے؟
1… نماز، روزہ اور زکوٰۃ سے غفلت ہرگز نہ ہو
2.. قرآن مجید سے بےاعتنائی نہ ہونے پائے
3… افطار اور اس کے بعد کھانے پینے میں اعتدال ملحوظ رہے، دن بھر کی کسر نکالنے کی کوشش نہ کی جائے، اسراف سے بچا جائے.
4… زبان کی حفاظت سے غفلت نہ ہو
5… لہو و لعب اور نیند میں اوقات کا ضیاع نہ کریں
6… أعمال صالحہ میں مسابقت سے غفلت نہ ہو
7… ایسا نہ ہو کہ مہینے کے آغاز میں تو جوش و خروش ہو اور آخر میں سستی طاری ہوجائے.
8.. آخری عشرے میں کثرت عبادت اور تلاش شب قدر سے غفلت نہ ہو
9… تراویح کے بعد خوامخواہ جگنا اور نماز فجر کے وقت سو جانا، انتہائی نقصان دہ ہے، ایسا ہرگز نہ کریں
10 … راہ خدا میں مال خرچ کرنے میں کنجوسی نہ کریں، دل کھول کر خرچ کریں
11… کثرت دعاء سے غافل نہ رہیں
12… اعتکاف کی سنت سے غفلت نہ ہو
13… عورتیں بے پردگی کرتی ہیں اور بازار میں مارکیٹنگ میں وقت ضائع کرتی ہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے
14… مزدوروں اور زیر دست افراد کے ساتھ سختی کا رویہ نہ اختیار کریں
15… مطالعہ قرآن و حدیث اور سیرت سے غفلت نہ برتیں.
16… افطار کرانے کے عظیم اجر سے نہ چوکیں
17.. قطعہ رحمی سے اجتناب کریں اور رشتے جوڑیں
18… بری صحبت اختیار نہ کریں، نیک لوگوں کی صحبت میں وقت گزاریں
19 … ٹی وی کے غلط پروگرام نہ دیکھیں اور نیٹ کے استعمال بےجا سے پرہیز کریں
20… گناہوں کے قریب بھی نہ جائیں اور اگر کوئی لغزش ہوجائے تو فورا توبہ و استغفار کے ذریعے تلافی کریں.
اللہ سے دعا ہے کہ ماہ مبارک میں ہمیں زیادہ سے زیادہ اعمال صالحہ کی توفیق عطا فرمائے اور گناہوں سے بچنے کی توفیق دے. آمین