نئی دہلی : کورونا وائرس سے جنگ لڑنے کے لیے اس وقت بڑے پیمانے پر ڈاکٹرس، نرسوں، پیرامیڈیکل اہلکاروں، ٹیکنیشینوں، اسسٹنٹ نرسنگ اسٹاف وغیرہ کو خصوصی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان میں کورونا انفیکشن سے اموات لگاتار بڑھ رہی ہیں اور روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں نئے مریض سامنے آ رہے ہیں۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہندوستان میں بھی یہ مہلک وبا خوفناک اسٹیج کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آگے حالات مشکل ہونے والے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے سڑکوں پر تعینات پولس اہلکاروں، ہیلتھ خدمات سے جڑے ریاستی حکومت کے افسران اور صف اول کے دیگر اہلکاروں کو بھی کورونا وائرس سے لڑنے کی ٹریننگ دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی ٹریننگ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل کی مدد سے دی جا رہی ہے۔
وبا کے اگلے اسٹیج میں بڑھنے والے پازیٹو معاملوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ صف اول میں تعینات لوگوں کی جگہ لینے کے لیے ایک بڑے انسانی وسائل کی ضرورت ہوگی۔ اسی انسانی وسائل کو تیار کرنے کے لیے یہ ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ وزارت برائے فروغ انسانی وسائل نے اس کے لیے ‘دیکشا’ پلیٹ فارم پر آن لائن ٹریننگ پورٹل کی شروعات کی ہے۔