پونے : مہاراشٹر کے پونے میں بھوانی پیٹھ کے آس پاس کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔ یہ علاقہ شہر کے سب سے ہاٹ اسپاٹوں میں سے ایک ہے ۔ ایسے میں یہاں اعظم کالج آف ایجوکیشن نے اپنے کیمپس کے اندر واقع مسجد کو کوارنٹائن سینٹر میں تبدیل کردیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر یہاں پر لوگوں کو کوارنٹائن کیا جاسکے ۔
ادارہ نے کوارنٹائن سینٹر کے ساتھ ہی لوگوں کو سبھی سہولیات بھی فراہم کرنے کی بات کہی ہے ۔ انتظامیہ نے یہاں کوارنٹائن سینٹر بنائے جانے کو لے کر جائزہ لیا اور پھر اس کے بعد راضی ہوگئی ۔ اعظم مسجد کے اندر نو ہزار مربع فٹ کے ہال میں ایک ساتھ 80 لوگوں کو کوارنٹائن کیا جاسکتا ہے ۔
اعظم کالج آف ایجوکیشن کے سربراہ ڈاکٹر پی اے انعامدار کے مطابق ہم نے کم سے کم 80 مستبہ کورونا مریضوں کیلئے مسجد کے ہال میں انتظام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی وجہ سے مسجد میں ان دنوں نماز ادا نہیں کی جارہی ہے اور وہ خالی پڑی ہے ، جس کے پیش نظر حکومت اس کا استعمال کرسکتی ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم لوگ ادارہ کی طرف سے لوگوں کو سبھی سہولیات بھی مہیا کرائیں گے ۔ مسجد کے اندر پنکھے ، روشنی اور بیت الخلا کے انتظامات پہلے سے ہی ہیں ۔ مسجد میں صاف صفائی کے بعد بیڈ ڈال دئے گئے ہیں ۔
انعامدار کے مطابق عام طور پر افسران کے ذریعہ کھانا دستیاب کرایا جاتا ہے ، لیکن ہم مریضوں کو ناشتہ اور دو وقت کا کھانا دینے کیلئے بھی تیار ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کو کتابیں پڑھنے کیلئے بھی دستیاب ہوں گے ۔ تاکہ وہ خالی اوقات کا کتاب پڑھ کر استعمال کرسکیں ۔
واضح ہو کہ 1927 میں حاجی غلام محمد اعظم نے اعظم کیمپس بنایا تھا ۔ 24 ایکڑ پر محیط کیمپس میں 32 شعبوں میں 28 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ یہاں ڈیجیٹل کلاسیز بھی ہوتی ہیں ۔ پی اے انعامدار نے کیمپس کے ساتھ ساتھ مسجد کے دوروازے بھی کھول دیئے ہیں ۔