دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل پیرا
نئی دہلی (ایجنسی )پہلے تین ہزار کروڑ ماہ کا محصول آتا تھا اور یہ گھٹ کر 300 کروڑ رہ گیا جس سے حکومت کے سامنے ضروری خدمات کےلئے بھی وسائل دینا مشکل ہوتا جارہا ہے۔دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ دارالحکومت میں مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہی لاک ڈاؤن میں راحت دی جائےگی اور سرکاری اور نجی دفتر آج (پیر) سے کھلیں گے۔
کیجریوال نے اتوار کو کہاتھا کہ مرکزی حکومت سے اپیل کی جائےگی کہ دارالحکومت میں جو 97 ممنوع علاقے ہیں صرف انہیں کو ریڈ زون میں رکھا جائے اور دیگر کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کو ٹیکس وصولی میں آئی بڑی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تین ہزار کروڑ ماہ کا محصول آتا تھا اور یہ گھٹ کر 300 کروڑ رہ گیا جس سے حکومت کے سامنے ضروری خدمات کےلئے بھی وسائل دینا مشکل ہوتا جارہا ہے۔واضح رہے کہ دہلی کے سبھی گیارہ ضلع ریڈ زون میں ہیں۔ کیجریوال نے کہا ہے کہ کورونا بحران ختم نہیں ہونے جارہا ہے اور اس کے درمیان ہمیں جینے کےلئے تیار ہونا پڑےگا۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کےلئے طبی خدمات کے مناسب انتظام کئے گئے ہیں۔انہوں نے مانا کہ لاک ڈاؤن نہیں ہوتا تو حالات بےحد خطرناک ہوتے لیکن اب اس کے ساتھ جینے کا جذبہ لانا ہوگا۔
حکومت کے فیصلے کے مطابق آج( پیر) سے ضروری خدمات والے سرکاری دفتر پوری طرح کھلیں گے جبکہ غیر ضروری دفتروں میں ڈپٹی سکریٹری سطح سے اوپر کے افسر ہی آئیں گے۔ نجی دفتروں میں 33فیصد ملازمین کی اجازت ہوگی۔دہلی میں اسپا،سیلون اور جم نہیں کھلیں گے۔اسکول کالج اور تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔شام سات بجے سے صبح سات بجے تک گھرسے نکلنے پر روک رہے گی۔عوامی مقامت پر تھوکنے پر پابندی رہےگی۔بین ریاستی بس سروس بند رہیں گی۔بچوں اور حاملہ خواتین کے علاوہ 65سال سے اوپر کی عمر والے بزرگوں سےگھر سے نہ نکلنے کی اپیل کی گئی ہے۔ کیجروال نے کہا کہ سماجی اور سیاسی پروگرام پوری طرح بند رہیں گے۔مالی اور زرعی شعبہ سے جڑی سبھی کمپنیاں کھلیں گی۔
دہلی میں لاک ڈاؤن کا تیسرا محرلہ پیر سےشروع ہوگا جو 17مئی تک چلے گا۔ وزیراعلی نے کہا،’’ہم نے مرکزی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ کنٹینمنٹ زون کو چھوڑ کر باقی دہلی کو گرین زون میں کر دیا جائے،تاکہ دہلی کی معیشت کو پھر سے شروع کیا جاسکے۔‘‘انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کے اس وقت دو ہی مقصد ہیں۔ایک تو کورونا سے ہونے والی اموات کو کم کرنا اور دوسرا زیادہ سے زیادہ جانچ کر کے کورونا مریضوں کی پہچان کرنی ہوگی۔مسٹر کیجریوال نے کہا،’’میرا خیال ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران اس وقت کا ہمیں کورونا کے خلاف لڑائی میں استعمال کرنا چاہئے تھا جس کا ہم نے بخوبی فائدہ اٹھایا۔ہم نے مناسب انتظامات کرلئے ہیں ،اسپتال تیار کرلئے ہیں۔‘‘انہون ںے کہا کہ دہلی میں فارما کمپنیز اور دیگر ضروری سامان بنانے والی ساری مینوفیکچرنگ یوٹس کھلی رہیں گی۔پیکیجنگ مٹیرئل کی یونٹس بھی کھلی رہیں گی۔ای کامرس ایکٹیوٹی میں صرف ضرورت کے سامان کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ دارالحکومت میں ہفتے کو کورونا انفیکشن کے 384 نئے معاملے سامنے آئے تھے اور کُل متاثرین کی تعداد 4122 ہے۔ملک میں کورونا وائرس کے لحاظ سے تیسرے مقام پر دہلی میں 64 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 1256 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔