
ممبرا کی مشہور شخصیت حسن صدیقی( ساحل) کا انتقال
ممبرا(معیشت نیوز)آج بروز جمعہ ممبرا کی ایک مشہورشخصیت حسن صدیقی عرف حسن ساحل کا انتقال ہوگیا (انا للہ واناالیہ راجعون )مرحوم کئی ماہ سے بیمار تھے اور تھانہ کے جیوپیٹرہسپتال ،میں زیر علاج تھے۔موصوف ممبرا کوسہ کی فعال سماجی شخصیت کے ساتھ مدرسہ دارالفلاح اور اسکول النادی الفلاح کے ذمہ داران میں شامل تھے۔عبد الباسط قاسمی کے مطابق وہ کئی برس سےجمعیۃ علماء ممبراو کوسہ سے بھی وابستہ تھے اورنائب صدر و خازن کی ذمہ داری ادا کرچکے تھے ۔
مرحوم کی شہرت ممبرا کے معروف ساحل ہوٹل کے مالک ہونے کی وجہ سےبھی تھی ،آپ غریبوں کی مدد ،پریشان حال لوگوں کی پریشانیاںدور کرنےنیزحاجت مندوں کی حاجت پوری کرنے میں ہمہ تن مصروف رہتے تھے،آپ گذشتہ کئی سالوں سے ممبرا کوسہ کی بہت ساری دینی ،ملی ،سماجی اور سیاسی خدمات انجام دے رہے تھے۔
ممبراکی بیشتر سماجی و سیاسی شخصیات نے مرحوم کی وفات پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔