کولکاتا: بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ پر جھوٹ بولنے کا الزام عاید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ سیاسی مفادات کی خاطر امت شاہ مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔ دراصل امت شاہ نے کل پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا تھا کہ مغربی بنگا ل میں گزشتہ دس سالوں میں کوئی صنعت نہیں لگی ہے اور نہ ہی کوئی نئی نوکری پیدا ہوئی ہے ۔اس الزام کا جواب دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بی جے پی سیاست کے لئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔ بی جے پی دھوکہ دینے والی سیاسی جماعت ہے۔ امت شاہ نے کل بہت سارے جھوٹ بولے ہیں، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں میں ہم ملک میں پہلے نمبر پر ہیں۔ یہ دعویٰ میرا نہیں ہے بلکہ مرکزی حکومت نے یہ معلومات دی ہیں۔ میں کل پریس کانفرنس کے بعد ثبوت سمیت تمام معلومات فراہم کروں گی۔ مرکزی وزیر داخلہ نے معلومات کی تصدیق کیے بغیر من گھڑت باتیں کہی ہیں اور بنگال کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘
ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے شہریت ترمیمی ایکٹ ، این آر سی اور این پی آر پر بھی جھوٹ بولا ہے۔ امت شاہ نے بھی اس سلسلے میں جھوٹ بولاہے ۔میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ متوا سماج کا ہرایک فرد ہندوستانی شہری ہے۔ بی جے پی کی این آر سی کے نام پر ملک بھر میں افراتفری مچانے کی کوشش کی تھی۔
وزیر اعلی نے رابندر ناتھ ٹیگور کے نام پر ہو رہی سیاست پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہاکہ بی جے پی نے رابندر ناتھ ٹیگور کی توہین کی ہے۔میں رابندر ناتھ کی بھی توہین کو برداشت نہیں کروں گی۔پوری دنیا میں رابندر ناتھ ٹیگور اور سوامی وی ویکانند کو پوری دنیا سلام پیش کرتی ہیں مگر بی جے پی ان عظیم لیڈروں کو چھوٹا بناکر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ میں 28 دسمبر کو بیر بھوم جاؤں گی اورپریس کانفرنس کروں گی۔ 29 دسمبر کو دوپہر ڈھائی بجے بیر بھوم میں روڈ شو کروں گی۔