ایک خاتون کی موت ،۹؍شدید زخمی
کٹک: اڈیشہ میں مکر سنکرانتی میلے میں بھگدڑ مچ گئی۔ جس میں خاتو ن ہلاک جبکہ 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ کٹک ضلع کے بدامبا-گوپی ناتھ پور’ ٹی برج‘ پر رونما ہوا ہے۔ یہ’ ٹی پُل‘ سنگھ ناتھ مندر کو دونوں طرف سے جوڑتا ہے۔ یہاں ہر سال مکر سنکرانتی کے دن میلہ لگایا جاتا ہے۔ آج بھی یہاں تقریباً 2 لاکھ عقیدت مند جمع تھے۔ بھگدڑ کے دوران کچھ لوگوں نے گھبرا کر پل سے چھلانگ لگا دی۔
اس معاملے میں، اوڈیشہ کے سی ایم نوین پٹنائک نے خاتون کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف اتھا گڑھ کے ڈپٹی کلکٹر ہیمنت کمار سوین نے بتایا کہ سنیچر کی دوپہر تقریباً 2 لاکھ لوگ میلے میں شرکت کے لیے جمع ہوئے تھے۔ ان میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی۔ میلے کے ساتھ ساتھ، وہ بھگوان سنگھ ناتھ کی پوجا کرنے کے لیے یہاں جمع ہوئے۔
میلے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بدامبا کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (CHC) میں داخل کرایا گیا۔ بعد میں کچھ لوگوں کو کٹک کے ایس سی بی میڈیکل کالج منتقل کر دیا گیا ہے۔ موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 3 پلاٹون تعینات کی گئی ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہر سال مہاندی کے کنارے مندر کے قریب مکر میلہ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ میلے کے دوران کٹک، خوردھا، پوری، انگول، ڈھینکنال، بودھ اور نیا گڑھ کے اضلاع سے آنے والے سینکڑوں عقیدت مند مندر میں آتے ہیں