
بی جےپی صدر’جے پی نڈا‘ کی میعاد میں لوک سبھا انتخابات تک توسیع
نئی دہلی : دہلی میں دو دنوں سے جاری بی جے پی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریرکے ساتھ ختم ہو گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں صرف 400 دن باقی ہیں۔ ایسے میں پارٹی عہدیداروں اور ہر کارکن کو گھر گھر جاکر ہر ووٹر سے ملنا چاہئے۔
میٹنگ کے دوسرے دن ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے پارٹی نے قومی صدر جے پی نڈا کی توسیع کو منظوری دے دی۔ نڈا کی میعاد جون 2024 تک بڑھا دی گئی ہے۔ نڈا کی موجودہ میعاد 20 جنوری کو ختم ہو رہی تھی۔ اب وہ لوک سبھا انتخابات تک پارٹی کی کمان سنبھالیں گے۔
وزیر داخلہ امت شاہ نے جے پی نڈا کی توسیع کا اعلان کیا۔ وہ ایل کے اڈوانی اور امیت شاہ کے بعد بی جے پی کے تیسرے لیڈر بن گئے ہیں جنہیں مسلسل دوسری بار صدر بنایا گیا ہے۔ حالانکہ راج ناتھ سنگھ بھی دو بار پارٹی صدر بنے لیکن ان کا دور مسلسل نہیں تھا۔جے پی نڈا جون 2019 میں پارٹی کے ورکنگ صدر بنے۔ میٹنگ کے دوسرے روز وزیر اعظم مودی نے خطاب کیا۔ اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم مودی نے بی جےپی لیڈروں کو نصیحت کی کہ وہ مسلمانوں کے بارے میں غلط بیان بازی نہ کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ورکروں سے بات کریں۔ پارٹی کے کئی لوگو ںکو اب بھی لگتا ہے کہ وہ اپوزیشن میں ہیں۔ لیڈرو ںکو مہذب زبان کا استعمال کرنا چاہیے۔