ان دنوں مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے نام پر تقریباً ہر فلم کا بائیکاٹ کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کے بائیکاٹ میںتو بھگوا بریگیڈ حد سے زیادہ آگے نکل گیا۔ ان رجحانات میں سیاسی رہنماؤں نے بھی بڑا کردار ادا کیا۔ مختلف رہنماؤں نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی فلموں پر بھی تبصرہ کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جےپی کارکنوں سے کہا کہ وہ فلموں جیسے غیر متعلقہ مسائل پر غیر ضروری تبصرے کرنے سے گریز کریں ۔
ذرائع کے مطابق، پی ایم مودی نے پارٹی کے اراکین کو “زیادہ اعتماد” کے کسی بھی احساس کے خلاف خبردار کیا اور دگ وجے سنگھ کی قیادت میں اس وقت کی کانگریس حکومت کی غیر مقبولیت کے باوجود 1998 میں مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی شکست کی مثال پیش کی۔ وزیر اعظم کا یہ تبصرہ شاہ رخ خان کی فلم میں دیپیکا کی زعفرانی بکنی کے بائیکاٹ کے مطالبے کے بعد آیا ہے۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے کہا تھا کہ پٹھان فلم کا گانا بے شرم رنگ قابل اعتراض ہے۔ اس کی وجہ بی جےپی وزیر نے بتایا تھاکہ اس گانے میں اداکار اور اداکارہ سبز اور زعفرانی لباس میں قابل اعتراض انداز میں ملبوس ہیںجبکہ اس سے پہلے درجنوں فلموں میں فلم کی ہیروئن بھگوا بکنی پہن چکی ہے ۔