
بینگ ڈوگرا میں ۷/ فروری کو منعقد ہونے والی سرکار مدینہ کانفرنس کی تیاریاں زوروں پر
کانفرنس کا مقصد حیات رسولؐ سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا اور ملت میں باہمی اتحادپیدا کرنا ہے: بابا منصور القادری
کشن گنج 22/جنوری: ٹھاکرگنج بلاک کے ماتحت دودھ اونٹی پنچایت کے بینگ ڈوگرا گاؤں میں ۷/ فروری ۳۲۰۲ء کو ایک روزہ عظیم الشان ”سرکار مدینہ کانفرنس“ کا انعقاد ہونا طے پایا ہے جس کا اہتمام مولانا منصور القادری رضوی المعروف بابا منصور القادری کر رہے ہیں، کانفرنس کی صدارت بابائے قوم و ملت مولانا محمد شمیم اختر رضوی ناظم اعلیٰ دارالعلوم امام احمد رضا فرمائیں گے۔ مقرر خصوصی کے طور پر مولانا شاہ پیرزادہ مفتی انجم رضا حقانی کی تشریف آوری متوقع ہے۔ ان کے علاوہ شاعر اسلام طاہر رضا رامپوری، محمد مزمل رضا مرادآبادی، ممتاز نیر، مولاناشعیب رضا، عبدالحلیم رضوی، منظور عالم رضوی بھی تشریف فرما ہوں گے۔ بابا منصور القادری نے بتایا کہ ان کے علاوہ قرب و جوار کے بہت سے علمائے کرام کانفرنس کی زینت بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس علاقے میں منفرد انداز کی کانفرنس رہے گی، جس کے لیے رضاکاروں میں جوش اور ولولہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ واضح رہے کہ بابا منصور القادری ایک عامل اور صوفی ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی کارکن بھی ہیں، اہل علاقہ جن کی دینی و ملی خدمات کے معترف ہیں۔ ان کے زیر اہتمام ہونے والی اس کانفرنس کی تیاریاں زوروں پر ہے اور اہل علاقہ میں خوشی کا ماحول نظر آرہا ہے۔