
پرلس اکیڈمی ٹیلنٹ سرچ امتحانات کا فروری میں انعقاد
پورے ملک سے درجہ 5سے درجہ 12تک طلبہ سے رجسٹریشن کرانے کی اپیل
اورنگ آباد: (معیشت نیوز)مہاراشٹر کےشہراورنگ آباد میں واقع پرلس اکیڈمی اپنی تعلیمی خدمات کے حوالے سے محتاج تعارف نہیں کیونکہ دینی و عصری تعلیم کے امتزاج سے قائم یہ ادارہ الحمد للہ بہتر طور پر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے۔ادارے نے اپنی خدمات کا دائرہ بڑھاتے ہوئے پرلس ٹیلنٹ سرچ امتحانات کا آغاز کیا ہے جس کا انعقاد رواں سال ماہ فروری میںطے قرار پایا ہے اس ضمن میں ملک بھر کے طلبہ ونوجوانوں سے شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔دراصل پرلس اکیڈمی اپنی نوعیت کا پہلا پرلس ٹیلنٹ سرچ امتحانات ان بچوں کے لئے منعقد کررہا ہے جو ذہین ہوتے ہوئے اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ہوں اور جن کی تعلیم و تربیت کے ذریعہ معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لائی جاسکیں۔
واضح رہے کہ 35ایکڑ اراضی پر قائم پرلس اکیڈمی ان تمام جدید سہولیات سے مزین ہے جس کی کہ نئی نسل تمنا کرتی ہے۔اسپورٹس اکیڈمی میں جہاں فٹبال، ٹینس، باسکٹ بال،والی بال وغیرہ کا انتظام ہے وہیں گھوڑ سواری کی بھی مشق کرائی جاتی ہے۔ تعلیمی سرگرمیوں میں جہاں سی بی ایس ای اور انٹر نیشنل تعلیمی کمپینیوکے نصاب کا لحاظ رکھا گیا ہے وہیں NEETاور JEEکے لئے خصوصی تربیت کا انتظام ہے جس کے لئے ملٹی نیشنل کوچنگ کمپنیوں سے بھی الحاق کیا گیا ہے۔
درجہ 5سے لے کر درجہ 12تک کے لئے منعقد ہونے والے ان امتحانات میں پورے ملک سے 150بچوں کو منتخب کیا جائے گا جن کی رہائش،تعلیم،طعام کے ساتھ تمام دیگر اخراجات کی ذمہ داری پرلس اکیڈمی نے اپنے ذمہ لی ہے اور اس کے لئے سرمایہ بھی مختص کیا گیا ہے۔
اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ملک کے وہ بچے جو ہونہار ہیں اور مالی پریشانیوں کی وجہ سے اپنا تعلیمی سلسلہ پورا نہیں کرپا رہے ہیں تو ایسے بچوں کی کفالت ہر اس شخص کی ذمہ داری ہے جو سماج میںدرد مند دل رکھتا ہو۔زلیخا موتی والا سوشل ویلفیئر چیری ٹیبل ٹرسٹ نے اپنی اس ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے 150ذہین و فطین بچوں کی تعلیمی وتربیتی کفالت کی ذمہ داری لی ہے اور اس ضمن میںپرلس ٹیلنٹ سرچ کے ذریعہ اس فریضہ کو ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔ پرلس ٹیلنٹ سرچ امتحانات کے لئےجہاں ملک کی بیشتر ریاستوں میں اکزام سینٹر بنایا گیا ہے وہیں مزید سینٹرس بنانے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ طلبہ بآسانی اس قابل اعتمادٹیلنٹ سرچ امتحانات کا حصہ بن سکیں ۔ان ریاستوں میں جہاں مسلم طلبہ کی تعداد زیادہ ہے شہروں کے اعتبار سے بھی سینٹر قائم کئے گئے ہیں تاکہ کثیر تعداد میں طلبہ اس پروگرام کا حصہ بن سکیںطلبہ کی آسانی کے لئے آن لائنلنک تیار کیا گیا ہےجسے کلک کرکے وہ بآسانی اپنا رجسٹریشن کراسکتے ہیں ساتھ ہی اپنے سینٹر کی معلومات لے سکتے ہیں۔