نئی دہلی : فیوچر ریٹیل(بِگ بازار) کے ایگزیکٹو چیئرمین اور ڈائریکٹر کشور بیانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ قرض سے نبردآزما کمپنی نے اس کی جانکاری دی ہے۔ کمپنی نے مارکیٹس کو بھیجی گئی معلومات میں کہا ہے کہ کشور بیانی نے ایگزیکٹو چیئرمین اور ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جس کا اطلاق ۲۳؍فروری سے ہوگا ۔ کمپنی نے کہا ہے کہ آئی بی سی قوانین کے تحت کشور بیانی کے استعفیٰ پر قرض دہندگان کی کمیٹی غور کرے گی۔
استعفیٰ میں کشور بیانی نے لکھا ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود انتظامیہ نے ریزولوشن پروفیشنل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے ہیں۔ جبکہ یہ کمپنی ہمیشہ سے میرا جنون رہی ہے۔ اور میں نے اس کی ترقی کے لیے پوری کوشش کی ہے، مجھے سچائی کو قبول کرنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔بیانی طویل عرصے سے ایمیزون کے ساتھ عدالتی معاملے میں الجھے ہوئے تھے۔ ایمیزون نے ریلائنس ریٹیل کو اپنے خوردہ کاروبار کی فروخت کو عدالت میں چیلنج کیا۔ جس کی وجہ سے یہ ڈیل پٹڑی سے اتر گئی۔ فی الحال، کمپنی قرض میں ہے اور اسے اپنے قرض دہندگان ۵؍ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی ادائیگی کرنی ہے۔ فیوچر ریٹیل دیوالیہ پن کے عمل سے نبرد آزما ہے۔ عدالتی کیس کی وجہ سے کمپنی کے سرمایہ کاروں کو کافی نقصان ہوا ہے۔ اپریل ۲۰۱۸ء میں اسٹاک ۶۰۰؍کی سطح سے اوپر تھا ، فی الحال اسٹاک ایک پائی کا اسٹاک بن چکا ہے فی الحال اسٹاک میں ٹریڈنگ پر پابندی ہے۔