نئی دہلی
حکومت ہند نے ملک سے پیاز کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں لگائی ہے۔ حکومت نے صرف پیاز کے بیجوں کی برآمد پر پابندی عائد کی ہے ۔ حکومت نے یہ وضاحت پیاز کی برآمد پر مبینہ پابندی کے حوالے سے سامنے آنے والے بیانات اور خبروں کے درمیان دی ہے۔
وزارت تجارت نے پیر کو اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا۔ بیان میں وزارت نے واضح طور پر کہا کہ ہندوستان سے پیاز کی کسی بھی ملک کو برآمد پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ حکومت نے بھارت سے صرف پیاز کے بیجوں کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پیاز کی برآمد پر کوئی پابندی یا کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی ہے۔ پابندی صرف پیاز کے بیجوں کی برآمد پر ہے۔
اس سے قبل وزیر تجارت اور صنعت پیوش گوئل نے بھی پیاز کی برآمد پر پابندی کی خبروں کی تردید کی تھی۔ وزیر نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ہندوستان سے پیاز کی کسی بھی ملک کو برآمد پر پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن بیانات میں اس طرح کے بیانات دیے جا رہے ہیں وہ افسوس ناک ہے۔
دراصل، حکومت کی طرف سے یہ وضاحت این سی پی لیڈر سپریہ سولے کے ایک ٹویٹ کے بعد سامنے آئی ہے۔ این سی پی لیڈر نے ۲۵؍ یعنی ہفتہ کو پیاز کی برآمد کو لے کر ایک ٹویٹ کیا تھا۔جس میں سپریہ سولے نے کہا تھا کہ پیاز کے ایکسپورٹ پر حکومت نے پابندی لگادی ہے جس سے کسانوں کانقصان ہورہا ہے ۔ اس کے بعد وزارت تجارت کی طرف سے وضاحت آئی ، لیکن اس معاملے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بھلے ہی پیاز کے ایکسپورٹ پر حکومت نے باضابطہ طور پر پابندی نہیں لگائی ہے لیکن پیاز کے ایکسپورٹ پر پریشانی ہے ۔ افسران پیاز کے ایکسپورٹ میں تعاون نہیں کررہےہیں اور اب ٹٹال مٹول سے کام لینا شروع کردیا ہے ۔ ہوسکتا ہےکہ افسران کو بھی ٹھیک طور پر ہدایت نہیں ملی ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے ۔