آئی ایم اے گھوٹالہ: مسجد بیوپاریان بنگلور کے امام گرفتار،ممبئی میںہیراگولڈکے اہلحدیث اماموں پر نظر

امام و خطیب مولانا حنیف افسر عزیزی
امام و خطیب مولانا حنیف افسر عزیزی

ایس آئی ٹی نے مولانا حنیف افسر عزیزی پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سرمایہ کاروں کو سرمایہ لگانے پر اکسایا تھا
بنگلور(معیشت نیوز) بنگلورکی مشہورکمپنی آئی مانیٹری ایڈوائزری کے گھوٹالے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس آئی ٹی نے شیواجی نگر میںواقع مسجد بیوپاریان کے امام و خطیب مولانا حنیف افسر عزیزی کو گرفتار کیا ہے اور ان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بنگلور کے مسلمانوں کو اس بات پر آمادہ کیا تھا کہ وہ آئی مانیٹری ایڈوائزری(ایم آئی اے) میں سرمایہ کاری کریں اور منافع حاصل کریں۔ایس آئی ٹی نے یہ بھی الزام عائد کیا ہےکہ آئی ایم اے کامفرور مالک منصورخان نے ۲۰۱۷؁ میں ایچ بی آر لے آئوٹ پر مولانا کو ایک مکان تحفتاً دیا تھا جس کی قیمت تین کروڑ روپیہ ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مولانا جمعہ کے خطبات میں آئی ایم اے میں سرمایہ کاری کے لئے لوگوں کو آمادہ کرتے تھےاور شہر میں آئی ایم اےکے سب سے مضبوط حمایتی سمجھے جاتے تھے۔آئی ایم اے سے جڑے ہائی پروفائل گرفتاری میں یہ چوتھی گرفتاری ہے ۔اس سے قبل ڈپٹی کمشنر بنگلور اربن ڈسٹرکٹ وجے شنکر کو منصور خان سے ڈیڑھ کروڑ روپیہ رشوت لینے کے الزام میںجبکہ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈیپارٹمنٹ ایل سی ناگاراج کو ساڑھے چار کروڑ روپئےرشوت لینے کے الزام میں گرفتار کیا جاچکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ممبئی میں ہیرا گولڈ میں سرمایہ کاری کے لئے اکسانے والوں پر بھی انتظامیہ کی خاص نظر ہے اور اس سلسلے میں وہ اہلحدیث امام ماخوذ ہوسکتے ہیں جنہوں نے ہیراگولڈ میں سرمایہ کاری کے لئے لوگوں کو آمادہ کیا تھا۔اس سے قبل ادارہ معیشت نے اپنی رپورٹ میںکہا تھا کہ’’ دلچسپ بات یہ ہے کہ ممبئی و مہاراشٹر میں ہیرا گولڈ نے اگراہلحدیث اور سلفی حضرات سے سب سے زیادہ سرمایہ وصولنے کی کوشش کی تھی تو بنگلور میں آئی ایم اے نے حلقہ دیوبند اور تبلیغی جماعت کے لوگوں کو ٹارگیٹ کیا ہے۔ مسلکی بنیاد پر الگ الگ حلقہ کو ٹارگیٹ کرنے اور ان کے سرمایہ کو برباد کرنے کی یہ ایک ایسی کوشش ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی یہی وجہ ہے کہ کمیونیٹی کے اہل فکر پریشان نظر آرہے ہیں‘‘۔ البتہ ممبئی کے اہلحدیث حضرات جن کا سرمایہ ہیرا گولڈ میں ڈوبا ہے انہوں نے اپنے علما کرام کا نام نہیں لیا ہے لیکن بیشتر آڈیو ایسے ہیں جس میں لوگ ہیرا گولڈ کو سپورٹ کرتے نظر آئے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *