
مودی کے حلقہ انتخاب وارانسی کی ترقی میٹرو پولیٹن شہروں کی طرز پر
وارانسی: (یو این بی): وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کی ترقی کے لیے میٹرو پولیٹن شہروں کے طریقہ کار کو اختیار کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مرکزی وزارت برائے شہری ترقی کی کمیٹی نے شہر کا دورہ کر اسے میٹرو شہروں کی طرح بنانے کے لیے خاکہ بھی تیار کر لیا ہے۔ اس کے تحت شہر کے تاریخی اقدار کو قائم رکھتے ہوئے بڑے پیمانے کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں جن میں میٹرو-مونو ریل، سیٹلائٹ ٹائون شپ، رنگ روڈ، صاف پینے کا پانی، بجلی کی سہولیات کے علاوہ ’ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم‘ قائم کرنا بھی شامل ہے۔ وارانسی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیار کرنے کے لیے مرکزی وزارت برائے شہری ترقی کے سکریٹری سدھیر کرشن اور حکومت ہند کی تکنیکی ماہر وی کے چورسیا دو روزہ دورہ پر پہنچے اور ریاست کے درجنوں افسران کے ساتھ میٹنگ کر کے بنارس کی جامع ترقی پر زور دیا۔ دوسری طرف نئے سیاحتی مقامات قائم کرنے کے لیے عالمی بینک کی ٹیم بھی بنارس میں موجود ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی سکریٹری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنارس کے منصوبوں کے لیے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہوگی اور اگر ضرورت پڑی تو قرض بھی لیا جائے گا، لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ منصوبے ایسے ہوں جس کا براہ راست فائدہ حاصل ہو سکے۔
سدھیر کرشن نے ورکنگ کلچر کو فروغ دینے کے لیے سڑکیں چوڑی کرنے کی جگہ فٹ پاتھ چوڑے کیے جانے کی طرف زیادہ زور دیا۔ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے وارانسی کے گھاٹوں کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ دیگر اہم پیش رفت پر بھی توجہ دینے کی بات کہی گئی۔ مرکزی سکریٹری نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وارانسی کے لیے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس سے نہ صرف گنگا آلودگی سے پاک ہو سکے گی بلکہ ’ری سائیکلنگ‘ سے آبپاشی اور دیگر سہولیات بھی مہیا ہو سکیں گی۔ بنارس میں بڑھتی آبادی کو دیکھتے ہوئے آس پاس کے قصبوں کا سیٹلائٹ سروے کرا کر انھیں ٹائون شپ کی شکل میں فروغ دیے جانے کا بھی منصوبہ ہے۔ بنارس کی ترقی کا اثر آس پاس کے علاقوں میں بھی پڑنا لازمی ہے۔