
دہلی میٹرو کا کرایہ کم ہوگا!
نئی دہلی: (یو این بی): میٹرو ریل خدمات کے استعمال کو قومی راجدھانی میں فروغ دینے کے لیے اور مسافروں کی پریشانیوں کو دور کرنے کے مقصد سے ان کے مسائل کا پتہ لگانے کے لیے مرکزی وزیر ایم ونکیا نائیڈو نے آج دہلی میٹرو میں سواری کی۔ انھوں نے کہا کہ میٹرو خدمات کو مزید مقبول اور آسان بنانے کے لیے مسافر کرایہ کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے تیسرے ٹرمینل سے شیواجی پارک اسٹیشن تک کے لیے سفر کرنے والے نائیڈو نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ جلدی اور آرام سے پہنچنے کی خواہش رکھنے والوں کے لیے یہ سفر کا بہترین ذریعہ ہے۔ نائیڈو نے راستے میں مسافروں سے بات چیت بھی کی اور مسافر کرایہ، اسٹیشنوں پر سفر سہولیات اور میٹرو کی آمد و رفت بڑھانے کے بارے میں ان سے مشورے بھی لیے۔