
اب ٹرین مسافر من پسند سیٹ اور کوچ کا انتخاب کر سکیں گے
نئی دہلی: ٹرین میں سفر کرنے والوں کے لئے ایک خوشخبری ہے۔ اب مسافر ٹکٹ ریزرویشن کراتے وقت ٹرین میں اپنی پسند یدہ سیٹ اور کوچ کا انتخاب کر سکیں گے۔ آن لائن ٹکٹ ریزرویشن اب پہلے سے کافی ااسان ہو گیا ہے۔ آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ پر اب پہلے سے کم وقت میں ٹکٹوں کا ریزرویشن ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آن لائن ریزرویشن کراتے وقت مسافروں کو اب اپنے پسند کی سیٹ اور کوچ کا انتخاب کرنے کی آزادی ہوگی۔ وہ جس ڈبے اور جس سیٹ پر بیٹھنا چاہتے ہیں، اسے ریزرو کرا سکیں گے۔ اس سہولت کا آغاز کب سے ہوگا اس سلسلے میں ابھی تک کچھ نہیں کہا گیا ہے لیکن امید کی جا رہی ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر اس کا اعلان کیا جا سکتا ہے اور اسی دن سے یہ سہولت لوگوں کو ملنے لگے گی۔
اس سے پہلے لوگوں کو ٹکٹ بک کرانے کے دوران اپر، لوور یا مڈل سیٹ کا متبادل دیا جاتا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ اب ہر منٹ 7200 ٹکٹ آن لائن بک کئے جاتے ہیں، پہلے 2000 ٹکٹ فی منٹ ہی بک ہوتے تھے۔ اب پہلے سے زیادہ یوزرس بھی آئی آر سی ٹی سی کی سائٹ پر لاگ ان کر سکتے ہیں۔ نئی سائٹ پر ایک ساتھ ایک لاکھ 20 ہزار یوزرس رہ سکتے ہیں۔
ریلوے وزیر سدانند گوڑا نے ریل بجٹ میں کہا تھاکہ ای ٹکٹنگ میں توسیع کی جائے گی۔ لوگوں کو پوری ٹرین، کوچ یا سیٹ آن لائن بک کرانے کی سہولت ملے گی۔