
نارائن رانے نے چوہان کابینہ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، کانگریس سے علیحدگی سے انکار

ممبئی، 17 جولائی (یو این بی): مہاراشٹر کی سیاست ان دنوں بہت گرمائی ہوئی ہے۔ نارائن رانے نے آج اعلان کیا ہے کہ وہ پرتھوی راج چوہان کابینہ میں وزیر صنعت کے عہدہ کو چھوڑ دیں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس کے وزیر نارائن رانے ان دنوں اپنی ہی پارٹی سے خفا بتائے جا رہے ہیں اور ان کے بی جے پی میں شامل ہونے کی افواہ بھی تیز ہے۔ رانے نے کہا کہ سوموار بروز (21 جولائی) تک وزیر صنعت کا عہدہ وہ چھوڑ دیں گے لیکن کانگریس پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کریں گے۔ غور طلب بات ہے کہ رانے 2005 میں شیو سینا کو چھوڑنے کے بعد کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ رانے نے گزشتہ دنوں مہاراشٹر کانگریس قیادت کے ساتھ ناراضگی مول لیتے ہوئے اس طریقہ کار پر سوالیہ نشان لگایا تھا۔
رتناگری-سندھو دُرگ لوک سبھا سیٹ سے بیٹے نیلیش کے ہارنے کے بعد رانے کے لیے حالات کشمکش والے ہو گئے تھے۔ اس سیٹ پر شیو سینا نے قبضہ جما لیا ہے۔ رانے کا ایسا ماننا ہے کہ کانگریس کی معاون این سی پی نے ان کے بیٹے کی ہار کو یقینی کرنے کے لیے سازش کی۔ لوک سبھا انتخابی نتائج کے بعد رانے نے کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا، لیکن چوہان نے ان کے استعفیٰ کو نامنظور کر دیا تھا۔ حالانکہ رانے نے یہ بھی کہا کہ وہ کانگریس نہیں چھوڑیں گے۔ کچھ رپورٹوں میں پہلے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ رانے بی جے پی سے رابطے میں ہیں۔ گوپی ناتھ منڈے کے انتقال کے بعد تو کہا جانے لگا تھا کہ بی جے پی ریاست میں ایک مضبوط مراٹھا چہرہ تلاش کر رہا ہے۔