اے جی ایم کے گھر لوک آیکت کی چھاپہ ماری، کروڑوں کی ملکیت برآمد

بھوپال، 27 جولائی (یو این بی): مدھیہ پردیش لوک آیکت کے ایک خصوصی پولس دستہ نے سنیچر کے روز یہاں مدھیہ پردیش الیکٹرسٹی بورڈ (ایم پی ای بی) کے وسطی حلقہ بجلی تقسیم کمپنی کے اسسٹنٹ جنرل منیجر (اے جی ایم) پردیپ کمار چودھری کے یہاں آمدنی سے زیادہ ملکیت کے معاملے میں چھاپہ ماری کے بعد کروڑوں روپے کی ملکیت کا پتہ لگایا ہے۔

پولس سپرنٹنڈنٹ (لوک آیکت) سدھارتھ چودھری نے اس سلسلے میں یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایم پی ای بی کی ایک کمپنی میں اے جی ایم چودھری کے بھوپال میں ساکیت واقع رہائش گاہ پر آج صبح جب لوک آیکت پولس کی ٹیم چھاپہ ماری کے لیے پہنچی، اس وقت ان کی پوری فیملی وہاں موجود تھی۔ آمدنی سے زیادہ ملکیت کے معاملے میں ان کے خلاف کافی دنوں سے جانچ چل رہی تھی۔ لوک آیکت پولس کی ٹیم کو دیکھ کر پہلے تو چودھری گھبرائے اور انھوں نے جانچ میں تعاون نہیں کیا، لیکن ٹیم کے پیچھے پیچھے پہنچی میڈیا کو دیکھ کر وہ اور ان کی فیملی جانچ میں تعاون دینے کے لیے تیار ہو گئی۔ صرف تین گھنٹے کی چھان بین میں ہی چودھری کے پاس کروڑوں کی ملکیت کے دستاویزات مل گئے۔ سدھارتھ چودھری نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آگے کی جانچ کے دوران مزید نامعلوم ملکیت کا بھی پتہ لگ سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *