
نیوکلیائی معاملے پر آگے بڑھنے اور بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کے سلسلے میں تعاون کے لیے جاپان رضامند

ٹوکیو، یکم ستمبر (یو این بی): دورہ ¿ جاپان پر گئے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور جاپان کے وزیر اعظم شنجو ایبے کے درمیان آج کئی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ دونوں ملک تکنیکی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر متفق ہوئے۔ ساتھ ہی جاپان اور ہندوستان نے مسائل کا حل آپسی تعاون سے نکالنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔ ٹوکیو میں دونوں ممالک نے اس سلسلے میں مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ”ہند-جاپان کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہو گئے ہیں۔ جاپان آنے کا موقع پا کر مجھے خوشی ہوئی ہے۔ ہماری غیر ملکی پالیسی میں جاپان کو ترجیح حاصل رہے گا۔“ مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی اور تبدیلی میں جاپان کا اہم کردار ہوگا اور دونوں ملک سوشل گلوبل پارٹنرشپ کی بنیاد پر آگے بڑھیں گے۔ ہندوستان وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ آئندہ وقت میں ہماری حکومت جاپان میں دو لاکھ دس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ بعد ازاں جاپانی وزیر اعظم ایبے نے کہا کہ ہندوستان اور جاپان کے تعلقات تاریخی ہیں اور مودی کے دورہ ¿ جاپان سے یہ تعلقات مزید پختہ ہو گئے ہیں۔
بہر حال، دورہ ¿ جاپان کے تیسرے دن سول نیوکلیائی معاہدہ اور دفاعی معاہدہ پر پوری طرح تو کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، لیکن اس سلسلے میں آگے بڑھنے پر جاپان نے رضامندی ظاہر کی ہے۔ ساتھ ہی جاپان نے ہندوستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی سے جاپان نے کہا کہ وہ ہندوستان کے کئی سیکٹروں میں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتا ہے۔ جاپانی وزیر اعظم شنجو ایبے نے کہا کہ ہند-جاپان سرمایہ کاری کو فروغ دینے والے پارٹنرشپ کے تحت جاپان پانچ سالوں میں 3.5 ٹریلین یین ہندوستان کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جاپان موجودہ سرمایہ کاری کو بڑھا کر دوگنا کر دے گا۔ علاوہ ازیں جاپانی کمپنیوں کی تعداد بھی ہندوستان میں بڑھے گی۔ مودی کے ’ڈریم پروجیکٹ‘ بلیٹ ٹرین میں بھی جاپان اپنی ٹیکنالوجی کے ساتھ مالی اور آپریشنل مدد کرے گا۔ ان سبھی وعدوں اور معاہدوں کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی جاپانی ہم منصب شنجو ایبے کو شکریہ کہا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی-احمد آباد روٹ پر بلیٹ ٹرین کے امکانات پر تحقیق جاری ہے۔ جاپان نے ہندوستان کی اسپیس اور ڈیفنس سے منسلک 6 کمپنیوں کے لیے بھی راہ کھولنے کا وعدہ کیا ہے۔