
سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ کی توسیع کو کابینہ کی منظوری

نئی دہلی:۔وزیراعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں اقتصادی امور سے متعلق کابینہ کمیٹی نے وزارت داخلہ کے جرائم اور مجرموں کی نگرانی کرنے والے نیٹ ورک اور نظام سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ میں بڑی توسیع کے منصوبے کو اپنی منظوری دیدی ہے۔ علاوہ ازیں کابینہ کمیٹی نے سی سی ٹی این ایس کو ای-کورٹ سے جوڑ کر مجرموں کے انصاف کیلئے مربوط نظام آئی سی جے ایس کو بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ای-جیل‘ فارنسک اور استغاثہ مجرموں سے متعلق انصاف نظام کے تین کلیدی اجزاء ہیں۔ اس سے مجرموں سے متعلق انصاف نظام کے مختلف ستون کے درمیان دستاویزوں کی جلد منتقلی یقینی طور سے ہوگی۔ اس سے نہ صرف عدلیہ کے اندر شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ تاخیر سے ہونے والے فیصلے میں بھی واضح کمی آئے گی۔ مذکورہ پروجیکٹ حکومت ہند کے اسمارٹ پولسنگ اور ڈیجیٹل انڈیا کے وژن سے بھی پوری طرح مربوط ہے۔ اس پروجیکٹ کے نافذ ہوجانے سے پولیس اور عام شہریوں کے درمیان رشتوں میں بھی کافی تبدیلی آئے گی کیونکہ متعدد خدمات کو شہری پورٹل کے ذریعہ چلانے کا انتظام ہے۔
حکومت نے پروجیکٹ کے نفاذ کے عمل کو تیز رفتار کرنے اور سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ بشمول آئی سی جے ایس کے نفاذ کو مارچ 2017 تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ توسیع شدہ پروجیکٹ کے اندر نئے اجزاء کے طورپر مجرموں کے انصاف کیلئے مربوط نظام آئی سی جے ایس اور متعدد ای-گورننس پروجیکٹوں مثلاً آدھار‘ قومی آبادی رجسٹر‘ سڑک نقل وحمل کی وزارت کے واہن پروجیکٹ اور قومی ایمرجنسی جوابی نظام سے مربوط شہری پورٹل کو شامل کیا گیا ہے۔ بدلتے حالات سے مطابقت رکھنے کیلئے کابینہ نے سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ کے اگلے مرحلے کو منظوری دی ہے تاکہ ملک کے اندر پولیس کے کام کاج کو پوری طرح کمپیوٹرائزڈ کیا جاسکے۔ اس پروجیکٹ میں کل 2000 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس میں مارچ 2022 تک اگلے پانچ سال تک کیلئے آپریشن اور دیکھ ریکھ کا مرحلہ بھی شامل ہے۔
جرائم اور مجرموں کو ٹریک کرنے والے نیٹ ورک اور نظام سی سی ٹی این ایس پروجیکٹ کے تحت ملک بھر کے تقریباً 15000 پولیس اسٹیشنوں کے علاوہ 5000 سپر وائزری پولیس افسران کے دفاتر کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑا جائے گا۔ مزید برآں تمام پولیس اسٹیشنوں میں ایف آئی آر اندراج‘ پولیس تفتیش اور چارج شیٹ کو ڈیجیٹل ڈاٹا میں تبدیل کیا جائے گا۔ اس عمل سے قومی سطح پر جرائم اور مجرموں سے متعلق اعداد وشمار تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ ایک سال کے دوران مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اس کابین ثبوت یہ ہے کہ پورے ملک میں 11600 پولیس اسٹیشن سی سی ٹی این ایس سافٹ ویئر کے ذریعہ سوفیصد ایف آئی آر درج کررہے ہیں۔ گزشتہ صرف ایک سال کے دوران سی سی ٹی این ایس کے ذریعہ 26 لاکھ سے زائد ایف آئی آر درج کئے جاچکے ہیں۔
اس پروجیکٹ سے قومی سطح پر جرائم کے تجزیہ کاروں کو تھوڑے تھوڑے وقفے سے اعدادوشمار جاری کرنے میں مدد ملے گی۔ جس سے ملک کے اندر پالیسی سازوں او ر قانون سازوں کو مناسب اور بروقت کارروائی کرنے میں مدد ملے گی۔